دنیا
بھارت، بارودی سرنگ دھماکے میں 5 سکیورٹی اہلکار ہلاک
بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں بارودی سرنگ (آئی ای ڈی) کے دھماکے کے نتیجے میں 5 سکیورٹی اہلکار ہلاک جب کہ 2 زخمی ہو گئے ہیں۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک جب کہ 2 افراد زخمی ہو گئے۔ ریاست کے حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بیان جاری کیا ہے کہ ضلع ڈنٹی واڑہ میں فورسز کی گاڑی معمول کے گشت پر تھی اور گاڑی میں آرمی کے 3 اہلکاروں سمیت 7 اہلکار سوار تھے۔ گاڑی گاؤں چھولنر کے قریب پہنچی تو بارودی سرنگ (آئی ای ڈی) سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 5 اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ لاشوں اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کو فوری طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال پہنچا دیا گیا ہے جہاں دونوں زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔