کشمیر

چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر نے ڈی سی اور اے سی حویلی کو عہدوں سے برطرف کردیا

مظفر آباد: چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر غلام مصطفیٰ مغل نے حویلی میں ہونے والے پرتشدد واقعہ میں غفلت برتنے پر ڈپٹی کمشنر اور اسٹنٹ کمشنر کو عہدوں سے برطرف کردیا۔

چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر غلام مصطفیٰ مغل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حویلی واقعہ کی ابتدائی رپورٹ موصول ہوچکی ہے رپورٹ کی روشنی میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ابتدائی طور پر ذمہ داریوں سے غفلت برتنے پر ڈپٹی کمشنر اور اسٹنٹ کمشنر حویلی کو فوری طور پر ان کے عہدوں سے برطرف کردیا گیا ہے جبکہ ان کی جگہ نئے ڈپٹی کمشنر انصر یعقوب اور ایس پی موسیٰ کو چارج لینے کی ہدایت دے دی گئی ہے۔

غلام مصطفیٰ مغل نے انتخابی ضابطہ اخلاق کے حوالے سے بتایا کہ 21 جولائی کو ہونے والے انتخابات کے لئے 16 جولائی کو ہی حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوج تعینات کردی جائے گی اور فوج کی ہی نگرانی میں بیلٹ پیپرز متعلقہ پولنگ اسٹیشن پر فراہم کئے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو کسی ایک فرد کے تابع نہیں چلایا جاسکتا، وفاقی وزرا سرکاری گاڑیوں اور جھنڈے سمیت آزاد کشمیر کی حدود میں داخل نہیں ہوسکتے جب کہ وزرا کے ساتھ سرکاری پروٹوکول کو بھی ختم کردیا گیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ انتخابی تشہیری بینرز پر مسلح افواج کی تصاویر شائع کرنے والوں کو نااہل قرار دے دیا جائے گا۔  اس سے پہلے چیف الیکشن کمشنر غلام مصطفیٰ مغل نے ڈی آر او سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا تھا کہ قانون ہاتھ میں لینے والے نااہل بھی ہوسکتے ہیں اور غفلت برتنے والے برطرف کردئے جائیں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close