شمالی کوریا نے اپنی جوہری تجربہ گاہ تباہ کردی
شمالی کوریا نے خطے میں کسی بھی کشیدگی سے بچنے کے لیے اپنی جوہری تجربہ گاہ کو تباہ کردیا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا نے ملک کے شمال مشرقی علاقے پونگئے ری جوہری سائٹ کے مقام پر غیر ملکی صحافیوں کی موجودگی میں اپنی تجربہ گاہ تباہ کی۔ اس موقع پر غیر ملکی صحافیوں کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایک زوردار دھماکے کی آواز سنی اور دھوئیں کے بادل آسمان پر اٹھتے ہوئے دیکھے۔اس سے قبل شمالی و جنوبی کوریا کے سربراہان کے درمیان تاریخی ملاقات سے قبل شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اپنی جوہری تجربہ گاہ کو تباہ کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ان کی جنوبی کوریا کے سربراہ سے ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کو جوہری ہتھیاروں سے مکمل طور پر پاک کرنے کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔واضح رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے درمیان 12 جون کو سنگاپور میں تاریخی ملاقات طے ہے لیکن اس کے باوجود دونوں جانب سے جارحانہ بیانات کا سلسلہ جاری ہے جب کہ شمالی کوریا نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا کے ساتھ سفارت کاری کا طریقہ ناکام ہوا تو پھر ایٹمی جنگ ہوگی۔