غداروں کو بھاری قیمت چکانی پڑے گی
ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے ایک فوجی گروہ کی جانب سے حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کو ’ملک سے غداری‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صورتحال حکومت کے کنٹرول میں ہے۔
انھوں نے کہا ہے کہ غداروں کو اس حرکت کی بھاری قیمت چکانا ہوگی جبکہ ملک کی صورتحال پر غور کرنے کے لیے ترکی کی پارلیمان کا خصوصی اجلاس جمعے کی دوپہر طلب کر لیا گیا ہے۔
حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کا آغاز جمعے کی شام ساڑھے سات بجے ہوا جب استنبول کے مرکزی پلوں پر ٹینک کھڑے کر دیے گئے اور کچھ دیر بعد انقرہ کی سڑکوں پر فوجی نظر آنے لگے اور جنگی طیاروں نے بھی شہر پر پروازیں شروع کر دیں۔
اس کے بعد فوج سے تعلق رکھنے والے ایک گروپ نے سرکاری ٹی وی پر یہ اعلان کیا کہ ملک میں مارشل لا اور کرفیو لگا دیا گیا ہے، اقتدار ان کے پاس ہے اور ایک ’امن کونسل‘ اب ملک کا نظام چلائے گی۔
جب یہ واقعات پیش آئے تو اس وقت رجب طیب اردگان ملک سے باہر تھے۔ اب ترک حکام کا کہنا ہے کہ فوجی بغاوت کو ناکام بنا دیا گیا ہے تاہم صورتحال تاحال واضح نہیں ہے۔
فوجی گروپ کے اعلان کے بعد انقرہ اور استنبول میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی تھیں۔
بغاوت کے اعلان کے بعد سے اب تک ترکی میں مختلف جھڑپوں میں 104 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ایک ہزار سے زیادہ زخمی ہیں۔
ترک فوج کے 1563 ارکان کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ 26 کرنل اور پانچ جنرل بھی برطرف کر دیے گئے ہیں۔
باغیوں کی جانب سے حراست میں لیے جانے والی فوج کے سربراہ جنرل ہلوزی اکار کو بھی بازیاب کروا لیا گیا ہے۔
وطن واپسی سے قبل رجب طیب اردوغان نے فیس ٹائم کے ذریعے بھیجے گئے پیغام میں عوام سے باہر نکلنے اور فوجی بغاوت کو ناکام بنانے کی اپیل کی تھی جس کے بعد انقرہ اور استنبول میں عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی تھی اور وہاں تعینات فوجیوں سے ان کا تصادم بھی ہوا تھا۔
عوام کی جانب سے فوجیوں پر غلبہ پانے کی تصاویر عالمی میڈیا پر نشر ہوئی ہیں جن میں باسفورس کے پل پر ہاتھ اٹھائے فوجیوں کو ٹینکوں سے دور جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ترکی کی ریاستی خبر رساں ایجنسی اناطولو کے مطابق ملٹری ہیڈ کوارٹرز میں 200 غیر مسلح فوجیوں نے اپنے آپ کو پولیس کے حوالے کیا ہے۔
اناطولو کے مطابق فوجی بغاوت میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 90 ہو گئی ہے جبکہ 1154 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر عام شہری ہیں جبکہ ترکی کی پولیس کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ملٹری پولیس کمانڈ میں جھڑپوں کے دوران 16 باغی فوجیوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ایف 16 طیاروں نے انقرہ میں صدارتی محل کے باہر تعینات باغیوں کے ٹینکوں پر بمباری بھی کی ہے جبکہ ملک کی پارلیمان کی عمارت کو بھی دھماکوں سے نقصان پہنچا ہے۔
ترکی واپسی کے بعد سنیچر کی شب استنبول کے ایئرپورٹ پر پریس کانفرس سے خطاب میں طیب اردوغان نے تختہ الٹنے کی اس کوشش کو غداری قرار دیا اور بتایا تھا کہ جن افسران نے ملک میں مارشل لا لگانے کی کوشش کی ان کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ترکی کے وزیراعظم بن علی یلدرم نے این ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے صورتحال بہت حد تک کنٹرول میں ہے اور انقرہ کو نو فلائی زون قرار دے دیا گیا ہے۔
تاحال یہ واضح نہیں کہ بغاوت کی کوشش کس کی ایما پر کی گئی تاہم حکام نے اس کا الزام امریکہ میں جلا وطنی کی زندگی بسر کرنے والے رہنما فتح اللہ گولین پر عائد کیا ہے۔
اناطولو ایجنسی نے بغاوت کرنے والے اس گروہ کا نام فیتو بتایا ہے۔ ترک حکومت اسے ہزمینت موومنٹ کہتی ہے جس کے سربراہ فتح اللہ گولین ہیں۔
تاہم فتح اللہ گولین نے ان اطلاعات کی تردید کی ہے کہ ترکی میں فوجی بغاوت کی کوشش ان کی ایما پر ہوئی ہے۔