قلات میں ایک عسکریت پسند ہلاک، پانچ گرفتار
قلات میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے کیے جانے والے ایک سرچ آپریشن میں حکام نے ایک عسکریت پسند کو ہلاک اور پانچ کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
کوئٹہ میں فرنٹیئر کور بلوچستان کے ترجمان کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق یہ سرچ آپریشن ضلع کے علاقے نیمرغ میں کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق سرچ آپریشن میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک عسکریت پسند ہلاک ہوگیا جبکہ پانچ کو گرفتار کیا گیا۔
گرفتار افراد کے قبضے سے 7رائفلیں اور دیگر اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
آزاد ذرائع سے ہلاک شخص کی فائرنگ کے تبادلے میں ہلاکت اور ہلاک اور گرفتار افراد کی کسی عسکریت پسند تنظیم سے تعلق کی تاحال تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری نے اس کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایف سی کی کارکردگی کو سراہا ہے۔
ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گرد عناصر،ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کو بلوچستان میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔
دوسری جانب کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ نے میڈیا کو ایک بیان جاری کیا جس میں یکم اپریل سے 30 جون تک سکیورٹی فورسز پر 98 حملے کرنے کا دعویٰ کیا گیاہے۔
ان حملوں میں 124 سے زائد سکیورٹی اہکاروں اور 27 ریاستی مخبروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیاگیا ہے تاہم سرکاری حکام نے سیکورٹی فورسز پر حملوں اور ان میں سیکورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی ہے۔