انٹرٹینمنٹ

پاکستان میں عیدالفطر پر بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی میں نرمی

کراچی: عید الفطر کے موقع پر ملک بھر کے سینما گھروں میں بھارتی فلموں پر عائد دو ہفتوں کی پابندی میں نرمی کرکے ایک ہفتے کردی گئی ہے۔

گزشتہ ہفتے وزارت معلومات، براڈ کاسٹنگ، قومی، تاریخی و ثقافتی ورثہ نے پاکستان میں عید الفطر کے موقع پر بھارتی فلموں پر پابندی عائد کردی تھی، جس کے مطابق عید الفطر کے دوہفتے تک کسی بھی بھارتی فلم کو پاکستانی سینماؤں میں نمائش کی اجازت نہیں تھی، تاکہ پاکستانی فلمیں دوہفتے تک بزنس کرکے اپنی لاگت پوری کرسکیں۔ وزارت انفارمیشن کے اس فیصلے کو فنکار برادری کے ساتھ دیگر حلقوں کی جانب سے بے حد پزیرائی ملی تھی تاہم اب بھارتی فلموں کی نمائش پر عائد پابندی میں نرمی کرکے صرف ایک ہفتہ کردی گئی ہے جس کے تحت اب بھارتی فلمیں مقامی سینماؤں میں عید الفطر کے ایک ہفتے بعد ہی ریلیز کردی جائیں گی۔

چیئرمین سینٹرل بورڈ آف فلم سنسرز(سی بی ایف سی)دانیال گیلانی کاکہنا ہے کہ مقامی فلمی صنعت اور نمائش کی سہولیات کو دیکھتے ہوئے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ عید الفطر اور عیدالضحیٰ کے موقع پر بھارتی فلموں کی نمائش کو ایک ہفتے تک محدود کیاجائے گا۔

ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے عائد کی جانے والی پابندی میں ترمیم کچھ بااثر گروپ کی وجہ سے سامنے آئی ہے جو مقامی سینما انڈسٹری پر اثرانداز ہیں۔ یہ گروپ پاکستانی سینما پر بھارتی فلموں کی نمائش پر عائد پابندی میں نرمی کروانے کا ذمہ دار ہے۔ چیئرمین آف پاکستان فلم ڈسٹری بیوشن ایسوسی ایشن چوہدری اعجاز کامران نے ایکسپریس ٹریبیون سے بات کرتے ہوئے کہا یہ نہایت طاقتور گروپ ہے، یہ لوگ نہیں جانتے ان کے اس اقدام سے مقامی فلمیں کتنی زیادہ اثر انداز ہوں گی جب کہ وہ ڈسٹری بیوٹرز جنہوں نے پاکستانی فلمیں خرید لی ہیں انہیں کتنی مشکلات پیش آئیں گی۔

بھارتی فلموں پر عائد پابندی میں نرمی کے بعد پاکستانی فلموں کو بھارتی فلموں سے سخت مقابلہ کرنا پڑے گا۔ پاکستانی فلموں کا سب سے زیادہ مقابلہ بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کی فلم ’ریس3‘سے ہوگا جو عیدالفطر کے ایک ہفتے بعد ہی ریلیز ہوجائے گی جب کہ دوسری فلم اداکار سنجے دت کی زندگی پر مبنی فلم’سنجو‘ہے جو پاکستانی فلموں کے مقابلے میں کھڑی ہوگی۔

سینئر فلم ڈسٹری بیوٹرز کا کہنا ہے کہ پہلے پاکستانی فلموں کو عید پر کمائی کرنے کیلئے دوہفتے مل گئے تھے لیکن اب انہیں ایک ہفتے کے اندر اندر اچھا خاصا بزنس کرناہوگا۔ پاکستانی فلم پروڈیوسرز بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی سے خوش تھے تاہم پابندی میں نرمی کے فیصلے نے انہیں مایوس کردیا۔
دوسری جانب بھارتی فلمی تجزیہ نگار گریش جوہر نے پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش پر عائد پابندی میں نرمی پر خوش ہوتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ سلمان خان کے مداحوں کیلئے بڑی خبر ہے، مجھے یقین ہے پاکستانی فلم ڈسٹری بیوٹرز بھی فلم’ریس3‘کی پاکستان میں نمائش کے خواہاں تھے۔

واضح رہے کہ عید الفطر کے موقع پر اداکارہ ماہرہ خان اور شہریار منور کی فلم’سات دن محبت ان‘ ، جاوید شیخ اور دانش تیمور کی فلم’وجود‘ اور معمررانا اورسونیا حسین کی فلم’آزادی‘ ریلیز ہورہی ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close