شاہ رخ خان کی کزن کا پشاور سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ
پشاور: بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی کزن نور جہاں نے پشاور سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پشاور کے تاریخی قصہ خوانی بازار کے محلہ شاہ ولی قتال میں بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کا آبائی گھر واقع ہے۔ جہاں آج بھی ان کے رشتہ دار رہائش پزیر ہیں۔ ان کی کزن نورجہاں کئی بار شاہ رخ سے ملنے بھارت جاچکی ہیں اوراب انہوں نے سیاسی میدان میں اترنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
شاہ رخ خان کی کزن نور جہاں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ میں شاہ رخ خان کی چچازاد بہن ہوں، ان سے آج بھی ہمارے رابطے ہیں۔ سیاست میں آنے کے بارے میں نورجہاں نے کہا کہ سیاست میں دلچسپی تھی، خواتین کے حقوق کے لئے آواز اٹھاؤں گی۔ نورجہاں پشاور میں حلقہ پی کے 77 سے آزاد الیکشن لڑیں گی۔ انہوں نے گھر گھر انتخابی مہم کا آغاز بھی کردیا ہے۔
دوسری جانب پشاورسے تعلق رکھنے والی دیگر خواتین نے شاہ رخ خان کی کزن کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نورجہاں کو ضرور سپورٹ کریں گے، یہ ہمارے لئے خوشی کی بات ہے کہ ایک خاتون الیکشن میں آزاد امیدوار کے طور پر آئی ہیں اور یہ شاہ رخ خان کی کزن بھی ہیں ہم ان کو ووٹ دیں گے، اس کے ساتھ شاہ رخ خان کے فینز اور نوجوانوں نے بھی نورجہاں کو سپورٹ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
نورجہاں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے ہیں، اب ان کی تمام توجہ انتخابی مہم اورالیکشن کی تیاریوں پر ہے۔ تاہم دیکھنا ہوگا کہ قسمت کی دیوی ان پر کتنی مہربان ہوتی ہے۔