دنیا

ٹرمپ کو ہٹانے کی کوشش ناکام

ڈونلڈ ٹرمپ کے مخالفین کلیولینڈ میں جاری پارٹی کے سالانہ کنونشن کے دوران ٹرمپ کی نامزدگی کا راستہ روکنے کی کوشش کی جو ناکام ہو گئی۔

ٹرمپ کے مخالفین نے رائے شماری کروانے کی کوشش کی جس کے تحت کنونشن میں شامل مندوبین کو اپنی مرضی کے کسی امیدوار کا انتخاب کرنے کی آزادی مل جاتی، تاہم اطلاعات کے مطابق تین ریاستوں کے پیچھے ہٹ جانے کی وجہ سے یہ منصوبہ ناکام ہو گیا۔

دوسری جانب ٹرمپ کے حامیوں نے کنونشن میں سینیئر رہنماؤں کی عدم شرکت پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

ایوانِ نمائندگان کے سابق سپیکر نیوٹ گنگرِچ نے بش خاندان کو ’بچگانہ‘ کہا ہے جب کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک مشیر نے اوہائیو کے گورنر اور صدارتی امیدواری کی دوڑ میں ڈونلڈ ٹرمپ کے حریف جان کیسک کو ’بدخو‘ قرار دیا ہے

ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی نامزدگی کی وجہ سے پارٹی کے اندر بظاہر دراڑیں پڑتی نظر آ رہی ہیں۔ پارٹی کے اندر ٹرمپ کے حامی اور مخالف دھڑوں کے درمیان کشیدگی پیر کی صبح جنگ کی صورت اختیار کر گئی۔

نیوٹ گنگرچ نے اے بی سی نیوز کو بتایا: ’رپبلکن پارٹی نے بش خاندان کے ساتھ اچھا سلوک کیا، (جس کے جواب میں) وہ انتہائی کم احسان مندی دکھا رہے ہیں۔‘

دو سابق رپبلکن صدور جارج ایچ ڈبلیو بش اور جارج ڈبلیو بش نے ٹرمپ کی حمایت کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

ٹرمپ نے بش جونیئر پر عراق جنگ اور نائن الیون حملوں کے حوالے سے تنقید کی تھی، جب کہ وہ صدارتی نامزدگی کی دوڑ کے دوران بش جونیئر کے چھوٹے بھائی اور فلوریڈا کے سابق گورنر جیب بش کو مسلسل تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔

سابق صدارتی امیدوار مٹ رامنی بھی کنونشن میں شریک نہیں ہوئے۔ وہ ٹرمپ کی امیگریشن پالیسی کی وجہ سے ان کے خلاف ہیں۔

امریکہ میں پولیس کے خلاف حالیہ حملوں کی وجہ سے کنونشن میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور لوگوں کو چار روزہ کنونشن میں اسلحہ لانے کی اجازت نہیں ہے۔ وفاقی اور ریاستی سکیورٹی اداروں کے ہزاروں ارکان کلیولینڈ میں موجود ہیں

توقع ہے کہ 50 ہزار کے قریب لوگ کنونشن میں شرکت کریں گے، اور اس دوران احتجاجی مظاہرے بھی کیے جائیں گے

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close