ریکوڈک پراجیکٹ سے بلوچستان کو سالانہ 120 ارب روپے کی آمدن متوقع ہے، جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ
نوشکی: مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مفادات ہمیشہ سے عزیز رہے ہیں۔ گورنر بلوچستان کا عہدہ بھی اصولوں کے بنیاد پر میں نے ٹھکرایا ہے۔ ملک و بلوچستان کے مفادات کا تحفظ شروع دن سے ہماری اولین ترجیحات رہی ہیں۔ عوام کی خدمت کے لئے انتخابی میدان میں اتر آیا ہوں۔ سیاست کے آخری پانچ سال بھی عوام اور حلقہ کے عوام کے خدمت کرنا چاہتا ہوں۔ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ عزت دی۔ باپ پارٹی کوئٹہ سے ہی باہر نہیں نکل پا رہی ہے۔ انتخابات کوئی مٹھائی نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشکی میں قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے پسماندگی کے ذمہ دار سابق آزمائے ہوئے چہرے ہیں اور وہی پرانے چہرے نئے ناموں کے ساتھ ایک مرتبہ پھر عوام کو بیوقوف بناکر اقتدار کے منصب پر براجمان ہونا چاہتے ہیں۔
بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار پاکستان یا بلوچستان حکومت ہرگز نہیں دے سکتے، بلکہ اپنی روزگار کے لئے اپنے سرزمین کے اندر چھپی وسائل کو باہر نکالنا ہوگا۔ بلوچستان اور خصوصاً چاغی معدنی وسائل سے مالامال سر زمین ہے۔ صرف ریکوڈک پراجیکٹ سے بلوچستان کو 120 ارب کی آمدن متوقع ہے اور دوسری طرف بلوچستان حکومت کی سالانہ بجٹ صرف 60 ارب بنتی ہے۔ اس لئے اپنے وسائل کو بروئے کار لاکر بلوچستان کی پسماندگی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ اپنی اس عمر و سیاست کے آخری پانچ سالوں میں اس ریجن کے لئے کچھ یادگار کرنا چاہتا ہوں۔