خیبرپختونخوا کی نگراں کابینہ میں توسیع کا فیصلہ
پشاور: خیبرپختونخوا کی نگراں کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت مزید 5 وزراء عید کے بعد حلف اٹھائیں گے۔
خیبرپختونخوا کی 10 رکنی نگراں کابینہ نے چند روز قبل حلف اٹھایا تھا تاہم اب نگراں کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت مزید 5 وزراء عید الفطر کی چھٹیوں کے بعد اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔
سرکاری افسران اور عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعلیٰ جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد خان کا کہنا تھا کہ عید الفطر کے بعد مزید 5 وزراء حلف اٹھائیں گے، پرامن اور شفاف انتخابات نگراں حکومت کا آئینی ، قانونی اور اخلاقی فریضہ ہے، اس بار انتخابات مثالی ہوں گے، انتخابات میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والے عناصر پر نظر رکھی جائے۔
نگراں وزیراعلی کا کہنا تھا کہ قبائل پاکستان کے وفادار اور بلا تنخواہ سپاہی ہیں، وفاق قبائلی علاقوں کے صوبے میں انضمام کے بعد وسائل کی فراہمی میں بھی تیزی لائے، فاٹا انضمام کے لیے وفاق کی گرانٹ ناکافی ہے۔