کھیل و ثقافت

مک کولم فیصلہ کن میچ میں واپسی کیلئے پرامید

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان برینڈن مک کولم، پاکستان کے خلاف ایک روزہ سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں واپسی کے لیے پرامید ہیں جبکہ جارح مزاج اوپنر مارٹن گپٹل کی میچ میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔

مارٹن گپٹل ہفتے کو ٹیم کے تربیتی سیشن کے دوران ٹخنے پر چوٹ لگنے سے زخمی ہوگئے تھے۔

کیوی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کے مطابق گپٹل کی فیصلہ کن میچ میں شرکت کا ’50:50امکان’ ہے۔

دوسری جانب اگلے مہینے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے مک کولم کو شاندار الوداع کہنے کا موقع اس وقت خراب ہوا تھا جب وہ رواں ماہ کے شروع میں سری لنکا کے خلاف میچ میں ریڑھ کی ہڈی کے درد میں مبتلا ہوگئے تھے۔

مک کولم نے پاکستان کے خلاف آخری میچ اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں واپسی کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ” میں نے کچھ اچھے شارٹس کھیلے ہیں جو 100 فی صد تو نہیں تھے لیکن معمولی فرق تھا اس لیے امید ہے کہ کل کے میچ کے لیے مکمل طورپر فٹ ہوں گا”۔

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پہلے ایک روزہ میچ میں 70 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی تھی تاہم دوسرا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز2-1 سے اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوا تھا۔

نیوزی لینڈ کو ون ڈے سیریز میں کامیابی کے لیے آخری میچ جیتنا ضروری ہے لیکن کوچ مائیک ہیسن کا کہنا ہے کہ اگر گپٹل مکمل طورپر فٹ نہیں ہوئے تو وہ اس کا رسک نہیں لیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ "جب تک وہ فٹ نہیں ہوتے اس وقت تک ہم انھیں نہیں کھلائیں گے، ٹخنے کا درد ایسا درد ہے جو اٹھ سکیں توٹھیک ہو گا یا 24 سے 48 گھنٹے تک سوجن ہوسکتی ہے”۔

مک کولم کی غیر موجودگی میں ٹیم کا حصہ بننے والے ٹام لیتھام اگر مک کولم یا گپٹل باہر ہوگئے تو بدستور ٹیم کا حصہ رہیں گے جبکہ انھیں آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے بھی متبادل کھلاڑی کے طورپر چنا گیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close