دنیا
سعودی عرب میں زنانہ لباس پہن کر کار چلانے والے 2 افراد گرفتار
تبوک : ٹریفک پولیس کے اہلکاروں نے زنانہ لباس پہن کر گاڑی چلانے والے 2 لڑکوں کو گرفتار کر لیا۔سبق نیوز نے تبوک ریجن کی ٹریفک پولیس ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا ہے کہ معمول کی ڈیوٹی پر مامور پولیس پیٹرولنگ پارٹی نے سکریچنگ کرنے پر گاڑی کو روکا جس میں برقعہ پہنے 2 خواتین سوار تھیں۔پولیس اہلکار نے جب ان سے شناختی دستاویزات مانگی تو وہ گھبرا گئیں ۔ایک نے گھبراہٹ میں چہرے سے نقاب الٹ دیا جس پر انکشاف ہوا کہ وہ خاتون نہیں بلکہ مرد ہے۔ پولیس اہلکار نے اسکے ساتھی کو بھی نقاب الٹنے کا کہا جس پر معلوم ہواکہ وہ بھی مرد ہے جو خود کو خاتون ظاہر کرتے ہوئے انتہائی خطرناک انداز میں گاڑی چلا رہا تھا۔
دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے انہیں محکمہ تحقیقات کے سپر د کر دیا گیا جہاں ان پر مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔ملزمان کی عمرتقریبا 19 برس ہے۔