انٹرٹینمنٹ

پاکستان کے وہ اداکار جن کے اصلی ناموں سے مداح واقف نہیں

بھارتی فلم نگری میں نام تبدیل کرنے کا رجحان تو عام ہے لیکن پاکستان کے بھی چند نامور اداکار ایسے ہیں جنہوں نے اپنے نام بدل کر شہرت حاصل کی ہے اور اب ان کے اصلی ناموں سے ان کے مداح واقف ہی نہیں ہیں۔

ندیم بیگ

لالی ووڈ کے شہرہ آفاق فلم اسٹار ندیم کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے انہوں نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 1967 میں ریلیز ہونے والی فلم’’چکوری‘‘ سے کیا لیکن شہرت فلم ’’دیا اور طوفان‘‘سے حاصل کی جس کے بعد انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور طویل عرصہ پاکستانی فلم انڈسٹری پر راج کیا اس کے باوجود ان کے مداح اداکارندیم کے اصلی نام سے نا واقف ہیں۔

 

پاکستانی فلمی دنیا میں شہرت حاصل کرنے والے لیجنڈری اداکار ندیم کا اصلی نام ’’مرزا نذیر بیگ مغل‘‘ ہے۔

 

شبنم 

کروڑوں دلوں پر راج کرنے والی اداکارہ شبنم کا شمار انڈسٹری کی صف اول کی اداکاراؤں میں ہوتا تھا انہوں نے فنی کیرئیر کا آغاز 1962 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’چندا‘‘ سے کیا اور شہرت حاصل کی یہی نہیں انہوں نے اپنے فلمی کیرئیر میں 150 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جب کہ اداکار ندیم  کے ساتھ ان کی جوڑی نے بے حد پذیرائی حاصل کی۔

 

ماضی کی لیجنڈری اداکارہ شبنم ہندو مذہب سے تعلق رکھتی ہیں اور ان کا اصلی نا م’’جھڑنا بھاسک‘‘ ہے۔

 

رانی  

اپنے رقص کے ذریعے گیتوں کو امر کردینے والی اداکارہ رانی نے فلمی کیرئیر کا آغاز 1962 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’محبوب‘‘ سے کیا اور زیادہ کامیابیاں نہ سمیٹ سکیں لیکن 1968 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’بہن بھائی‘‘ نے رانی کی قسمت کا ستارہ جگا دیا جس کے بعد انہوں نے پیچھے مڑکر نہیں دیکھا اور خوب شہرت حاصل کی جب کہ 90 سے زائد فلموں میں اپنی اداکاری اور رقص سے محظوظ کرنے والی اداکارہ رانی کا  کینسر کے جان لیوا مرض کے باعث  27 مئی 1993  کو 46 برس میں انتقال ہوا۔

 

رقص کے ذریعے گیتوں کو لازوال کرنے والی اداکارہ  نے رانی نام سے فلموں میں شہرت حاصل کی لیکن ان کا اصلی نام ’’ناصرہ‘‘ تھا۔

 

ریما خان

خوبرو اداکارہ ریما نے 90 کی دہائی میں لالی ووڈ پر راج کیا ہے انہوں نے 1990 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’بلندی‘‘ سے  فلمی دنیا میں قدم رکھا اور 200 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جب کہ ان کی کامیاب ترین فلموں میں ’’بلندی‘‘،’’نکی جئی ہاں‘‘،’’ کوئی تجھ سا کہاں‘‘،’’زہریلے‘‘ سمیت متعدد فلمیں شامل ہیں یہی نہیں انہیں پاکستان کی ایشوریا رائے کا خطاب بھی دیا گیا۔

 

لالی ووڈ میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے کے بعد ریما نے ماڈلنگ اور ہدایتکاری میں قدم رکھا اور بے حد مقبولیت حاصل کی جب کہ اداکارہ ریما نے 2011 میں شادی کے بعد شوبز  کی دنیا کو خیرباد کہہ دیا تاہم اس کے باوجود آج بھی ان کی مقبولیت میں کوئی کمی نہیں آئی۔

 

لالی ووڈ اداکارہ  کو فلمی دنیا میں ریما خان  کے نام سے پہچانا جاتا ہے تاہم ان کا اصلی نام ’’ثمینہ خان‘‘ ہے۔

 

شان شاہد

لالی ووڈ کے سپر اسٹار شان نے فنی کیرئیر کا آغاز  بطور چائلڈ ایکٹر کیا لیکن 1990 میں ریلیز ہونے والی فلم’’بلندی‘‘ ان کی پہلی بڑی فلم ہے جب کہ اپنے فلمی کیرئیر میں انہوں نے 100 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں اور یہی نہیں اداکاری کے بعد ہدایتکاری کے میدان میں بھی قسمت آزمائی کرچکے ہیں۔

 

لالی ووڈ اداکار شان پاکستان کے نوجوانوں میں بے حد مقبول ہیں اور اپنی جاندار اداکاری کے باعث کئی قومی اور فلمی ایوارڈ اپنے نام کیے ہیں جب کہ اداکار شان شاہد کے اصلی نام سے بھی چند ہی لوگ آگاہ ہیں ان کا اصلی نام ’’ارمغان شاہد‘‘ ہے۔

 

اسکینڈل کوئین کے نام سے مشہور اداکارہ میرا نے 1995 میں فلم’’کانٹا‘‘ سے فلمی دنیا میں قدم رکھا لیکن اگلے برس ریلیز ہونے والی فلم’’کھلونا‘‘ سے شہرت حاصل کی جب کہ انہوں نے اپنے فلمی کیرئیر میں 50 سے زائد فلموں میں جلوہ بکھیرنے کے ساتھ ساتھ بالی ووڈ میں بھی قسمت آزمائی کی جہاں خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کرسکیں۔

 

لالی ووڈ اداکارہ میرا آج کل اپنی گلابی انگلش کے  باعث خبروں کی زینت بنی رہتی ہیں تو کبھی عدالت کے چکر لگاتے ہوئے دکھائی دیتی ہیں جب کہ لالی ووڈ اداکارہ کا پیدائشی نام ارتضیٰ رباب ہے لیکن فلموں میں آنے کے بعد انھیں اپنا نام تبدیل کرنا پڑا اور میرا کے نام سے مشہور ہوئیں۔

 

وینا ملک

ماڈل و اداکارہ وینا ملک نے فلمی کیرئیر کا آغاز 2000 میں ریلیز ہونے والی فلم’’تیرے پیار میں‘‘ سے کیا جس کے بعد کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے لیکن بھارتی رئیلٹی شو ’’بگ باس‘‘ نے انہیں بے پناہ شہرت دی جب کہ وینا ملک نے بالی ووڈ میں بھی قسمت آزمائی کی جہاں کامیابی حاصل کرنے میں ناکام ہوگئیں۔

 

اداکارہ وینا ملک نے 2013 کے اواخر میں شادی کے بعد شوبز کو خیرباد کہہ چکی ہیں اور دبئی میں قیام پذیر ہیں  جب کہ ان کے مداحوں کے لیے یہ حیران کن ہے کہ وینا ملک کا اصل نام  زاہدہ ملک ہے تاہم فلمی دنیا میں کامیابیاں سمیٹنے کے لئے اپنا نام تبدیل کیا۔

 

نبیل

پاکستان کے معروف ڈرامہ اداکار نبیل نے فنی کیرئیر کا آغاز مشہور ڈرامہ سیریل’’دھواں‘‘ سے کیا اور خوب پذیرائی حاصل کی جس کے بعد انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور کئی بہترین یادگار ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جس میں ’’عجائب خانہ‘‘،’’قصہ سات راتوں کا‘‘،’’شاہلا کوٹ‘‘ شامل ہیں۔

 

انہوں نے شوبز میں نبیل کے نام سے شہرت حاصل کی ہے تاہم ان کا اصلی نام’’ندیم ظفر‘‘ ہے۔

 

رحیم شاہ

پاکستان کے معروف گلوکار رحیم شاہ اپنی سریلی آواز کے باعث پوری دنیامیں مشہور ہیں انہو ں نے اپنی پہلی ہی میوزک البم’’غم‘‘ سے خوب شہرت حاصل کی جس کے بعد اردو، پنجابی اور پشتو سمیت کئی زبانوں میں آواز  کا جادو بکھیرا ہے۔ خیبر پختون خواہ سے تعلق رکھنے والے رحیم شاہ کا  اصلی نام محمد خان ہے۔

 

عائزہ خان

ماڈلنگ سے شہرت حاصل کرنے والی خوبرو اداکارہ عائزہ خان نے 16 سال کی عمر سے ہی ماڈلنگ شروع کردی تھی جب کہ اداکاری کا آغاز ڈرامہ سیریل ’’تم جو ملے‘‘ سے کیا اور متعدد شاندار ڈرامہ سیریلز میں اپنی جاندار اداکاری سے شائقین کے دلوں میں گھر کیا جس میں ’’پیارے افضل‘‘ اور ’’میرے مہربان‘‘ شامل ہیں۔ ماڈلنگ اور منفرد  اداکاری میں عائزہ خان کے نام سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ کا اصلی نام ’’کنزہ خان‘‘ ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close