سراج الحق نے ایم ایم اے کو قوم کی واحد امید قرار دیدیا
لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ متحدہ مجلس عمل اب قوم کی واحد امید ہے، کرپشن فری پاکستان کے لیے ایم ایم اے کی حکومت ناگزیر ہوچکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سراج الحق کا کہنا تھا کہ ایم ایم اے ملک سے کرپشن کا خاتمہ کرے گی، پاکستان میں حقیقی اسلامی ریاست قائم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل اقتدار میں آکر لٹیروں کا احتساب کرے گی، میرے قافلے میں کوئی نیب زدہ نہیں ہے، عوام حقیقت سے واقف ہیں، عام انتخابات میں سب کچھ واضح ہوجائے گا۔
امیرجماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ شفاف الیکشن کے لیے شکوک وشبہات کا خاتمہ ہونا چاہیے، الیکشن کے حوالے سے ابھی تک گرد وغبار موجود ہے، الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ وہ شفاف انتخابات کو یقینی بنائے۔
سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ کرپٹ حکومتوں نے عوام کو عزت کی زندگی سے محروم کیا، کرپٹ عناصر جماعتیں بدل کر دوبارہ قوم پر سوار ہونا چاہتے ہیں، ملک میں جب تک کرپشن کا خاتمہ نہیں ہوگا اس وقت تک ملک ترقی نہیں کرسکتا۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا تھا کہ 25 جولائی کو متحدہ مجلس عمل کامیاب ہوگی، لوگ ہمارے ساتھ کھڑے ہیں قوم کا لوٹا ہوا پیسہ ملک واپس لائیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ایک ایک پیسہ نکال کر قومی خزانے میں جمع کرائیں گے، کرپٹ عناصر کو 25 جولائی کے بعد جیل کا راستہ دیکھائیں گے، لسٹیں موجود ہیں کہ کس نے پیسہ کتنا اور کہاں سے کھایا ہے۔