”میں نے تو پاپا سے کہا تھا پاس کروا دیجئے، انہوں نے تو ٹاپ ہی کروا دیا“
نئی دہلی : ریاست بہار میں انٹرمیڈیٹ امتحانات میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ روبی رائے پہلے فیل ہوئی اور اب جیل چلی گئی ہے۔ سب ہی والدین یہ چاہتے ہیں کہ ان کی اولاد پڑھ لکھ کر اور محنت کر کے نمبر حاصل کریں نا کہ نقل کے ذریعے امتحانات میں کامیاب ہوں لیکن آپ کو یہ جان کر حیرانی ہو گی کہ اس روبی رائے کو ٹاپ کروانے میں کسی اور کا نہیں بلکہ اس کے ”پاپا جی“ کا ہی ہاتھ ہے۔
اس تمام تر واقعے سے متعلق روبی رائے کا بیان بھی منظرعام پر آ گیا ہے جس میں اس کا کہنا ہے کہ ” میں نے تو پاپا سے کہا تھا پاس کروا دیجئے، انہوں نے تو ٹاپ ہی کروا دیا“۔ روبی نے تفتیشی حکام کو بتایا کہ اس نے کبھی بھی یہ نہیں چاہا تھا کہ امتحانات میں پوزیشن حاصل کرے بلکہ وہ تو صرف پاس ہونا چاہتی تھی اور اس لئے اپنے پاپا سے کہا کہ وہ اتنے نمبروں کا بندوبست کر دیں جس سے وہ پاس ہو جائے۔
انٹرمیڈیت امتحانات میں پہلی پوزیشن لینے والی طالبہ دوبارہ امتحان دینے پر فیل، اور اب نقل کے الزام میں چلی گئی ہے جیل ۔۔۔
واضح رہے کہ انٹرمیڈیٹ میں آرٹس گروپ میں 17 سالہ روبی رائے نے پہلی پوزیشن حاصل کی تھی تاہم ان کے ایک ویڈیو انٹرویو پر امتحانات میں نقل کا مسئلہ شدت اختیار کر گیا۔ویڈیو میں روبی ٹھیک سے لفظ ’پولیٹیکل سائنس‘ بھی نہیں بولتی نظر آتی اور جب ان سے اس کا مطلب پوچھا جاتا ہے تو وہ کہتی ہے کہ یہ کھانا پکانے سے متعلق ہے۔اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد روبی رائے کے امتحانی نتائج کو منسوخ کرتے ہوئے اسے دوبارہ امتحان دینے کا کہا گیا لیکن وہ اس میں فیل ہو گئی۔
روبی کو مقامی مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا اور اسے جیل بھیج دیا۔روبی رائے کو جیل بھیجنے کے فیصلے پر تنقید کی جا رہی ہے اور ناقدین کے مطابق روبی نابالغ ہیں اور اسے بچوں کے مرکز میں بھیجا جانا چاہیے تھا۔اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق مقامی پولیس افسر ایس ایس پر منو مہاراج نے کہا ہے کہ روبی کو ثبوت دینا ہو گا کہ وہ نابالغ ہیں لیکن اس نہ یہ نہیں بتایا کہ یہ ثبوث کیسے فراہم کرنا ہو گا۔