سندھ

ایم کیو ایم کے رہنما شاہد پاشا کا نئی جماعت بنانے کا اعلان

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے سابق ڈپٹی کنوینئر شاہد پاشا نے ایم کیو ایم ورکرز ایکشن کمیٹی کے نام سے نئی جماعت بنانے کا اعلان کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے ناراض اراکین میں روز بروز اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے اور ناراض رہنما دیگر جماعتوں میں شمولیت اختیار کرنے کے ساتھ اپنی نئی جماعتوں کا اعلان کررہے ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان، لندن، بہادرآباد اور پی آئی بی گروپ اور پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ سے ہی رہا ہے اب ایم کیو ایم کے سابق ڈپٹی کنوینئر شاہد پاشا نے بھی نئی جماعت کا اعلان کردیا ہے۔

شاہد پاشا نے اپنے دیگر ساتھیوں سمیت کراچی پریس کلب پر مظاہرہ کیا اور ورکرز ایکشن کمیٹی ایم کیو ایم کے نام سے تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ مظاہرین نے شدید نعرے بازی بھی کی۔ امظاہرین کا کہنا تھا کہ شاہد پاشا کو 6 روز قبل پارٹی رکنیت سے خارج کیا گیا جو ناانصافی ہے اور اس ساری سازش کے پیچھے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان کا ہاتھ ہے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق ایم کیو ایم رہنما شاہد پاشا کا کہنا تھا کہ میں 32 سال سے ایم کیو ایم کا کارکن رہا، مجھے 5 بار گرفتار بھی کیا گیا اور اس دوران میں نے اپنی کوئی جائیداد نہیں بنائی، لیکن عامر خان، خواجہ اظہار، حیدر عباس رضوی، بابر غوری سمیت دیگر لوگ کیسے ارب پتی بن گئے، یہ سب ایم کیو ایم کے ارب پتی شہری وڈیرے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کارکنان کی ایم کیو ایم الگ ہے اور رابطہ کمیٹی نے اپنی ایم کیو ایم بنا رکھی ہے، مجھے بغیر کسی قصور کے معطل کیا گیا، ہم رابطہ کمیٹی کے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ رابطہ کمیٹی کو فوری تحلیل کیا جائے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close