گلگت بلتستان

گلگت بلتستان کے شہیدوں، غازیوں پہ فخر ہے، جنرل ثاقب محمود

فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل ثاقب محمود نے لالک جان شہید نشان حیدر کے 19ویں یوم شہادت کے حوالے سے شہید کے مزار پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج یوم تجدید عہد کا دن ہے۔ آج کے دن ہم اپنے محسن شہید لالک جان کی ہمت اور حوصلے کو سلام و خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ لالک جان ارض شمال کا ایک مایہ ناز فرزند تھا، جو ہم سب کے لیے ہمت و شجاعت کی ایک عظیم مثال ہے۔ شہید لالک جان نے شدید زخمی حالت میں محاذ جنگ سے واپس آنے سے انکار کرتے ہوئے نہ صرف ازلی اور مکار دشمن کے ساتھ مقابلہ کیا بلکہ دشمن کی عددی برتری کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ملکی دفاع کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ لالک جان کی لازوال قربانی قوم کے لیے مشعل راہ ہے۔

فورس کمانڈر نے کہا کہ لالک جان شہید ارض گلگت بلتستان کے مایہ ناز سپوت تھے، جنہوں نے 1998ء میں بھارتی عزائم کو ناکام بناتے ہوئے ان کی شمالی علاقوں کی جاب پیش قدمی روک دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھی حوالدار لالک جان شہید کے جذبہ قربانی کو مشعل راہ بناکر اپنے ملک کی ترقی اور سلامتی کو یقینی بناسکتے ہیں۔ موجودہ حالات میں ہمیں چاہیے کہ ہم دشمن کی ہر سازش کا مردانہ وار مقابلہ کریں اور مثالی قومی یکجہتی اور باہمی ایثار کے ذریعے دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنادیں۔

میجر جنرل ثاقب محمود نے کہا کہ ہمیں ملکی ترقی کے لیے بحیثیت پاکستانی اپنی اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم ایک مضبوط اور ترقی یافتہ قوم تب ہونگے جب ہم اس ملک کے لیے اپنے حصے کا کام کریں گے۔ جہاں ہم حق کی بات کرتے ہیں تو وہاں اپنے فرائض کی ادائیگی کو بھی بجا لانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میرا تعلق گلگت بلتستان سے تو نہیں مگر میں فخر سے کہتا ہوں کہ میں جی بی کا بیٹا ہوں۔ گلگت بلتستان کے نوجوانوں میں جو صلاحیت ہے وہ پاکستان کے دیگر علاقوں سے کئی گنا زیادہ ہے۔ ہہاں کے نوجوان سپاہ گری سے تعلیم اور فنون تک حتٰی کہ ہر میدان میں سب سے آگے ہیں۔ مجھے گلگت بلتستان اور خاص کر یاسین کے غازیوں اور شہداء پر فخر ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close