خیبر پختونخواہ

نواز شریف کیخلاف فیصلے کا وقت مناسب نہیں تھا، اسفند یار ولی

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے خاتمے پر ہی انکے خلاف بی آر ٹی اور بلین ٹریز سونامی کے کرپشن کیسز نیب نے کھول دیئے ہیں۔ عمران خان زیادہ جھوٹ نہ بولا کریں کیونکہ جھوٹ بولنے سے کوئی لیڈر نہیں بنتا، نواز شریف کے خلاف عدالتی فیصلے کا وقت مناسب نہیں تھا، کیونکہ اس فیصلے سے ایک مخصوص سیاسی پارٹی کو فائدہ مل رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اے این پی کے مرکزی رہنما نے چارسدہ کے علاقے مراد آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسفندیار ولی خان نے کہا کہ کپتان کی سیاست میں آنے سے سیاسی شائستگی ختم ہو گئی ہے، کالا باغ ڈیم کا منصوبہ ہمیشہ کیلئے دفن ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پختونوں کی بقاء اور سا لمیت صرف باچا خانی میں ہے۔ 25 جولائی کو چارسدہ کے پختون عوام بیٹ کو جیندی کے دریا میں ڈبو دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے سرکاری تعلمی ادروں کا بیڑا غرق کر دیا ہے، نجی تعلیمی اداروں سے سرکاری تعلیمی اداروں میں ہزاروں بچوں کے داخلے کا دعویٰ کرنے والے اگر 1 ہزار بچوں کے نام بتا دیں تو میں سیاست چھوڑ دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ کپتان نے جھوٹ کی سیاست کو پروان چڑھا دیا ہے، ہم پر کرپشن کے الزامات لگانے والے اگر ملیشیاء اور دبئی میں ہمارے اثاثے ثابت کریں تو اس میں آدھا حصہ ان کے حوالے کرنے کو تیار ہیں۔ اسفندیار ولی خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں اے این پی کے کسی بھی وزیر، ایم این اے، ایم پی اے یا سینیٹر کے خلاف کوئی کرپشن ثابت نہ کر سکی۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کاغذ کا ٹکڑا نہیں، بلکہ آنے والے پانچ سالوں کیلئے آپ نے اپنے اور اپنے بچوں کے مستقبل کو دوسروں کے ہاتھوں میں دینا ہے، پختون قوم بیدار ہو چکی ہے اور 25 جولائی کو لالٹین کے نشان پر مہر لگا کر مخالفین کو عبرتناک شکست دیں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close