کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے حکام کا کہنا ہے کہ پانی آج کا نہیں آنے والی نسلوں کا مسئلہ ہے اورڈیم کے لیے فنڈزکی معاونت میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دیں گے۔
کراچی میں اسٹیٹ بینک حکام نے دیامیربھاشا ڈیم کے حوالے سے پریس کانفرنس میں تمام ملازمین کی 2 دن کی تنخواہیں ڈیم فنڈ میں دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آبی ذخائر کسی بھی ملک کیلئے اہم ہیں، پانی آج کا نہیں آنے والی نسلوں کا مسئلہ ہے، آبی ذخائرکے لئے فنڈز 16 ہزاربینکوں میں جمع ہو سکتے ہیں جب کہ فنڈزکی معاونت میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دیں گے۔
دوسری جانب ڈپٹی گورنراسٹیٹ بینک شمس الحسن نے کانفرنس میں اعلان کیا کہ گورنر اسٹیٹ بینک اورتمام ملازمین کی 2 روزکی تنخواہیں فنڈ میں دی جائیں گی جب کہ حبیب بینک کے سربراہ نے ڈیم کی تعمیر کیلئے 10 کروڑدینے کا اعلان کیا ہے ۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے حکم جاری ہونے کے بعد وفاقی حکومت نے دو ڈیمز دیامیربھاشا اورمہمند کی تعمیرکے لیے فنڈز قائم کیے ہیں جس میں کیش، چیک، پرائزبانڈ سمیت سونے چاندی کی شکل میں بھی عطیات بھی جمع کرائے جاسکتے ہیں۔