راولپنڈی:سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی سینٹرل جیل اڈیالہ راولپنڈی میں متوقع منتقلی کے باعث گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں پاک فوج، پولیس اور جیل افسران کا مشترکہ سرچ آپریشن، تمام بیرکوں، سزائے موت سرکلز اور سکیورٹی وارڈز وغیرہ کو خصوصی آلات اور سراغ رساں کتوں سے چیک کیا گیا۔
آپریشن میں پاک فوج کے 100 جوانوں، رینجرز کے 40، پنجاب پولیس کے 12 اور جیل پولیس کے 150 اہلکاروں نے حصہ لیا جبکہ ان کے ہمراہ حساس اداروں کے اہلکار، سی ٹی ڈی ملازمین اور آرمی ڈاگ سنٹر کا عملہ بھی موجود تھا۔ آپریشن میں اڈیالہ جیل کے اندر اور اطراف کے علاقوں کو چیک کیا گیا، آپریشن کے دوران جیل کے اطراف میں بنے 254 گھروں کی تلاشی لی گئی۔
جیل کے اطراف میں آپریشن کے دوران بارہ بندوقیں برآمد کر کے پولیس کے حوالے کر دی گئیں، سرچ آپریشن تین گھنٹے تک جاری رہا، آپریشن میں جیل کے اندر تمام بیرکس کی تلاشی لی گئی، جیل حکام کے مطابق سرچ آپریشن میں اڈیالہ جیل کے اندر سے کوئی ممنوعہ چیز برآمد نہیں ہوئی۔