ملتان میں انتخابی مہم کے دوران علی موسیٰ گیلانی کے قافلے پر فائرنگ، بلاول کی مذمت، پی ٹی آئی کے یوسی چیئرمین کیخلاف مقدمہ درج
ملتان:انتخابی مہم کے دوران سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی موسیٰ گیلانی کے قافلے پر فائرنگ ہوئی تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی موسی گیلانی کے قافلے پر فائرنگ کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ علی موسی گیلانی پر مخالفین کی فائرنگ بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گولیاں، رکاوٹیں اور پابندیاں پاکستان پیپلزپارٹی کا راستہ نہیں روک سکتیں، انتظامیہ ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچائے ۔
ملتان میں این اے 157 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار علی موسی گیلانی کے قافلے پر محمود آباد کے علاقے میں رات گئے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، تاہم واقعے میں علی موسی اور ان کے تمام ساتھی محفوظ رہے۔فائرنگ کا واقعہ پاکستان تحریک انصاف کے یونین کونسل چیئرمین ججی ڈوگر نامی شخص کے گھر کے سامنے پیش آیا تھا ۔پولیس کے مطابق تھانا شاہ شمس میں 5 نامزد ملزمان سمیت 20 افرادکےخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ، مقدمےمیں پی ٹی آئی کےیوسی چیئرمین ججی ڈوگرکونامزدکیاگیاہے۔
چیئرمین پی پی پی نے مطالبہ کیا کہ پیپلز پارٹی کے عوامی نمائندوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے، پنجاب کے نظریاتی بحران کو دور کرنے کی میری جدوجہد سے سیاسی یتیم اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔