این اے 125, نادرا رپورٹ نے وزیر ریلوے کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی
اسلام آباد: قومی اسمبلی کے حلقے این اے 125 میں ڈلنے والے ووٹوں کی فرانزک آڈٹ رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کردی گئی ہے، نادرا رپورٹ نے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔
تفصیلات کےمطابق خواجہ سعد رفیق کے حلقے میں جانے والے ووٹوں کے بارے نادرا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ این اے 125 کے ایک لاکھ 49 ہزار 138 ووٹوں کی انگوٹھوں کے نشانات واضح نہ ہونے کے باعث تصدیق نہیں ہوسکی ہے، 7 ہزار 892 ووٹوں کی مختلف وجوہات کی بنا پر تصدیق نہیں کی جاسکی لیکن انہیں جعلی قرار نہیں دیا جاسکتا ۔ تین ہزار998ووٹوں پرشناختی کارڈ نمبرغلط درج ہے، 1917 ووٹوں پر شناختی کارڈز نمبر درج نہیں تھا، حلقہ 125 میں 184 ووٹ دوسرے حلقوں کے ووٹرز نے ڈالے، 398 شناختی کارڈز پر ایک سے زائد مرتبہ ووٹ ڈالا گیا، نادرا نے مذکورہ حلقے کے صرف 57 ہزار 98 ووٹوں کو درست قرار دیا ہے ۔ 2013 کے عام انتخابات میں این اے 125 سے مسلم لیگ ن کے خواجہ سعد رفیق رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ نتائج کو پی ٹی آئی کے امیدوار حامد خان نے دھاندلی کی بنیاد پر چیلنج کررکھا تھا جس کے بعد سپریم کورٹ کے حکم پر نادرا نے ووٹوں کی تصدیق کرکے اپنی رپوٹ پیش کردی ہے ۔