ہوٹل کے مہمان نے 17,585پاؤنڈ بطور ٹِپ دے ڈالے
دُبئی: یونان کے ایک ہوٹل میں بطور مہمان ٹھہرے شخص نے ہوٹل چھوڑتے وقت ملازمین کو دو چار سو نہیں بلکہ پُورے 17,850 پاؤنڈ (85,345 اماراتی درہم) بطور ٹِپ دے ڈالے۔ ہوٹل ملازمین کو پہلے تو یقین نہ آیا ‘ کیونکہ یہ اُن کے ساتھ پیش آنے والا منفرد ترین واقعہ تھا۔ وہ تو خیر گُزری کہ اس خوشی پر وہ مرتے مرتے نہیں بچے۔اتنی بڑی ٹِپ دینے والا شخص کوئی اور نہیں‘ بلکہ فٹبال کے عرش کا دمکتا چمکتا ستارہ کرسٹیانو رونالڈو تھا۔ 33 سالہ پُرتگالی فٹ بالر اپنی فیملی کے ساتھ ایک یونانی ہوٹل میں قیام پذیر تھے جنہیں ہوٹل کی جانب سے دی جانے والی سروس اور ملازمین کی مستعدی اور مہمان نوازی نے حد درجہ متاثر کیا۔ اسی مہمان نوازی کے جذبے کو سراہنے کی غرض سے انہوں نے تقریباً اٹھارہ ہزار برطانوی پاؤنڈ کی خطیر رقم ہوٹل ملازمین کو بطور بخشیش دے ڈالی۔رونالڈو گزشتہ دِنوں رُوس میں منعقد ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ میں یوراگوئے کے ہاتھوں اپنی پُرتگالی ٹیم کی شکست کے بعد خاصے دلبرداشتہ تھے۔ اس غم کو غلط کرنے کی نیت سے وہ اپنے گھر والوں اور دوستوں کے ساتھ تفریحی ٹور پر نکل پڑے۔ چند دِن قبل وہ بحر اوقیانوس کے ساحل پر واقع یورپی مُلک یونان میں مقیم رہے۔ اس حوالے سے انہوں نے اپنی بیوی جیورجینا راڈرگز‘ بیٹے اور دوستوں کے ساتھ ساحلِ سمندر پر تفریحی لمحات سے لطف اندوز ہونے کی تصاویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی ہیں۔یونانی ہوٹل کو الوداع کہتے وقت انہوں نے یہاں کے ملازمین کو بطور ٹِپ بھاری رقم دی جس کے بعد وہ اٹلی کو روانہ ہو گئے۔ جہاں پر وہ 100ملین یورو کے کانٹریکٹ کے بدلے میں مقامی کلب جووینٹس کو جوائن کرلیں گے۔ پانچ بار سال کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز پانے والے پُرتگالی سٹار فٹبالر کا کہنا تھا ’’میں ریال میڈرڈ کو چھوڑ کر دُکھی نہیں ہوں۔ میں نے اٹلی کے کلب کو ایک چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے۔میری عمر کے بیشتر کھلاڑی چین جیسے ممالک کا رُخ کر رہے ہیں۔ اس سیزن میں جووینٹس کی جانب سے مجھے کھیلنے کی آفر دینے پر میں اس کلب کا انتہائی شُکر گزار ہوں۔میں یہاں اپنی پرفارمنس سے خود کو بہترین کھلاڑی ثابت کرنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔ جس کے لیے مجھے کڑی محنت سے کام لینا ہو گا۔ آپ (میڈیا والے) میرے کیریئر کے اعداد و شمار اور کامیابیوں سے بخوبی واقف ہیں۔ سو میں اس حوالے سے بہت پُرعزم ہوں۔‘‘