آپ کیلئے میں ”پپو“ ہوں، میرے دل میں نفرت نہیں: راہول، مودی کو گلے لگالیا، ساتھیوں کو آنکھ ماری
نئی دہلی: انڈین نیشنل کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کے اندر میرے لیے نفرت اور غصہ ہے، آپ کے لیے میں ’ پپو‘ ہوں لیکن میرے دل میں آپ کے لیے ایسے کوئی جذبات نہیں ہیں۔بھارتی لوک سبھا میں نریندر مودی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے سے متعلق سیشن سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے پہلے تو نریندر مودی پر تنقید کی، تاہم بعد میں انہوں نے اپنی تنقید کو طنزیہ انداز میں ان کی حمایت میں بدل دیا۔انہوں نے کہا کہ پورا ایوان اور بھارتی جنتا پارٹی کے بہت سارے لوگ مل کر نریندر مودی کو انتخابات میں ہرانے کے لیے جارہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آپ سوچیں گے کہ میرے دل میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف غصہ اور نفرت ہے لیکن میں دل سے کہتا ہوں کہ میں وزیر اعظم اور آر ایس ایس کا بہت شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے کانگریس اور ہندوستانی ہونے کا مطلب سکھایا۔راہول گاندھی نے کہا کہ انہوں نے مجھے سکھایا کہ ہندوستانی ہونے کا مطلب یہ ہے کہ چاہے تمہیں کوئی گالی دے، لاٹھی مارے یا کچھ بھی کہے ہمارے لیے اس کے دل میں پیار ہونا چاہیے اور اس پر میں ان کا بہت شکر گزار ہوں۔نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آپ کے دل میں میرے لیے نفرت اور غصہ ہے، آپ کے لیے میں ’ پپو ‘ ہوں آپ مجھے مختلف قسم کی گالی دیں سکتے ہیں لیکن میرے دل میں ایسا کچھ نہیں ہے۔راہول گاندھی نے کہا کہ میں اور یہ پورا ایوان گانگریس ہے اور اسے جذبے اور کانگریس نے اس ملک کو بنایا ہے۔کانگریس کے صدر کے خطاب کے بعد دلچسپ لمحہ اس وقت آیا جب راہول گاندھی، نریندر مودی کے پاس گئے اور ان سے مصافحہ کرکے گلے لگایا، جس پر وہ حیران رہ گئے۔نریندر مودی کو گلے لگانے کے بعد راہول گاندھی واپس آئے اور اپنی جماعت گانگریس کے ساتھیوں کو آنکھ بھی ماری۔