پنجاب

جن کا احتساب ہونا چاہئے تھا آج وہ تحریک انصاف میں جمع ہیں ، :سینیٹر سراج الحق

لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے ملک میں انتخابات کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہاہے کہ ووٹ ملک و قوم کی امانت ہے ،اسے دیانتدار اور باکردار لوگوں کو دیجئے اور کسی خائن اور بدکردار کے حوالے یہ امانت نہ کیجئے ، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کو قوم نے ایک دوبار نہیں ، کئی بار آزمایا ہے،اب پی ٹی آئی میں بھی وہی لوگ جمع ہیں جن کا احتساب ہونا چاہیے تھا مگر الیکشن کمیشن اور نیب نے انہیں کھلی چھوٹ دے دی ہے،قوم کسی کے بہکاوے میں نہ آئے اور ان بہروپیوں کے بلند و بانگ دعوؤں اور وعدوں پر اعتبار نہ کریں۔تفصیلات کے مطابق سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ متحدہ مجلس عمل ملک کی بڑی دینی جماعتوں کا اتحاد ہے،ہم نے قوم کے سامنے وہ ہیرے پیش کیے ہیں جن کے کردار پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا ،ایم ایم اے کے کسی ایک امیدوار کے دامن پر کرپشن کا کوئی دھبہ نہیں،اجلے کردار کے ان لوگوں نے ہمیشہ اسلام کی سربلندی اور ملک و قوم کی خدمت کے لیے بے مثال جدوجہد کی ہے جس کا اعتراف ہمارے مخالفین بھی کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ آپ کے ووٹ کے نتیجہ میں اگر دیانتدار اور اسلام پسند قوتیں آگے آئیں گی اور ملک میں نظام مصطفیﷺ کے نفاذ کے لیے عملی جدوجہد کریں گی تو اس میں ووٹرز کا بھی پورا پور ا اجر و ثواب ہوگا اور اگر اس ووٹ کے ذریعے سے مذہب بیزار ، سیکولر اور بد دیانت لوگ اقتدار میں آئے تو ان کے گناہوں اور ملک و قوم کو ان کے ہاتھوں پہنچنے والے نقصان سے ووٹر بری الذمہ نہیں ہوسکتا ۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت قوم جس عذاب میں مبتلا ہے،وہ انہی حکمرانوں کا کیا دھرا ہے جنہیں لوگ ووٹ دے کر ایوانوں میں پہنچاتے رہے،آج ملک پر 93 ارب ڈالر کا قرضہ ہے جبکہ پانچ سو ارب ڈالر سے زائد قومی سرمایہ بیرونی بنکوں میں پڑا ہے،عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والوں نے اپنے لیے ادرون و بیرون ملک محل تعمیر کیے،قومی خزانہ لوٹ کر بیرون ملک اثاثے بنائے جبکہ عوام آج بھی پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں اور انہیں تعلیم ، صحت اور روزگار جیسی بنیادی سہولتیں میسر نہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی و خوشحال پاکستان بنانے کے لیے عوام متحدہ مجلس عمل کے نمائندوں کو ووٹ دے کر کامیاب کرائیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close