اسلام آباد

رواں سال آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ رہےہیں، وزیراعظم نواز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کہتے ہیں کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر تاریخی بلندیوں کو چھو چکے ہیں اور اب ہم خوشی سے رواں سال آئی ایم ایف کے پروگرام کو خدا حافظ کہہ رہےہیں۔

اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا مقصد اقتدارنہیں بلکہ عوام کی خدمت، پاکستان کی ترقی اورخوش حالی ہے، ان کے لیے حکومت کی اہمیت نہیں بلکہ پاکستان اولین ترجیح ہے، ترقی کی سیاست مسلم لیگ (ن) کا ریکارڈ ہے، ہم حال کے ساتھ مستقبل کو بھی روشن بنانے کےلیے پرعزم ہیں، 2011 میں لوگوں نے سیاست چمکانے کی کوشش کی لیکن عوام اب باشعورہوچکے ہیں، وہ جانتے ہیں کون ترقی کی سیاست کرتا ہے اورکون انتشارکی، اسی لیے 2013 کے انتخابات میں عوام نے ہمیں منتخب کیا۔ گلگت بلتستان اور بلدیاتی انتخابات میں بھی عوام نے ہم پر اعتماد کیا جب کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں پارٹی نے تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔ ہمیں اپنے کام کی رفتار کو مزید تیز کرنا ہے اور نئے جذبے کے ساتھ لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنا ہے۔ غافل لوگ انتشار کی سیاست سے ملک کو اندھیروں میں دھکیل رہے ہیں، ہمیں ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کرنی ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ 2013 میں جب ہماری حکومت آئی تو ہمارے لیے دہشت گردی کا خاتمہ، معیشت کی بحالی اور توانائی کے بحران پر قابو پانے جیسے 3 بڑے چیلنجز تھے، الحمد اللہ آج ہم اپنے پاؤں پرکھڑے ہوگئے ہیں، دہشت گردی پرقابوپا لیا گیا ہے، معیشت کی بہتری میں اسحاق ڈارنے بہت محنت کی ہے، 2013 میں پاکستان دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، آج ہم اپنے پاؤں پر کھڑے ہو گئے ہیں، پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر تاریخی بلندیوں کو چھو چکے ہیں۔ اب ہم خوشی سے رواں سال آئی ایم ایف کے پروگرام کو خداحافظ کہہ رہےہیں۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ معاشی ترقی اورامن کا گہرا تعلق ہے، ملک کو امن کا گہوارا بناناچاہتے ہیں، دہشت گردی کے خلاف فوج، پولیس اورعوام نے بڑی قربانیاں دیں، دہشت گردی کی وجوہات کاپتہ چلایاجاتاتو یہ نہ پھیلتی، پرویز مشرف اور ان کےساتھیوں کو پارلیمنٹ کے کٹہرے میں کھڑا کرکے ان سے اس معاملے پر پوچھا جانا چاہیئے۔  کراچی کی صورتحال آج ماضی کے مقابلے میں بہت بہترہے، سرمایہ کارکبھی کراچی آنے سے ڈرتے تھے،آج آرہے ہیں، کراچی میں گرین بس وفاقی حکومت جلد مکمل کرے گی، ہم کراچی میں پانی کےبحران پرقابوپانے میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close