اسلام آباد

مسلم لیگ(ن) کے رکن قومی اسمبلی اسدالرحمان وزیراعظم نوازشریف پر پھٹ پڑے

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے دوران کمالیہ سے رکن قومی اسمبلی اور سپریم کورٹ کے سابق جج خلیل الرحمان رمدے کے بھائی چوہدری اسد الرحمان وزیراعظم نواز شریف پر پھٹ پڑے۔

 وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس جاری تھا کہ کمالیہ سے رکن قومی اسمبلی چوہدری اسد الرحمان اپنی نشست پر کھڑے ہوگئے اور بلند آواز میں بولنا شروع کردیا، ان کا کہنا تھا کہ 3 سال سے حلقے کے فنڈز جاری نہیں ہوئے، وزراء اراکین پارلیمنٹ کو نا تو انسان سمجھتے ہیں اور نہ ہی کوئی کام کرتے ہیں جب کہ بیورو کریسی بھی انتہائی کرپٹ ہے، ایسی صورت حال میں ہم حلقے میں کیا منہ دکھائیں گے۔

وزیراعظم نواز شریف نے چوہدری اسد الرحمان کو تشریف رکھنے کی ہدایت کی جسے اسد الرحمان نے نا مانتے ہوئے کہا کہ میں کوئی کلاس کا اسٹوڈنٹ نہیں جو آپ مجھے بیٹھنے کا کہہ رہے ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف نے وزراء کو اراکین سے ملنے اور شکایات کا ازالہ کرنے کی یقین دہانی کرانے کے بعد جب خود سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ میں خرابی صحت کی وجہ سے اجلاس کی صدارت نہیں کر سکا تو اسد الرحمان نے کہا کہ اگر آپ اراکین کو ملتے رہتے تو آج آپ کو یہ درد بھی نہ ہوتا۔ اس دوران وزیراعظم نے سخت لہجے میں اسد الرحمان کو بیٹھنے کا کہا لیکن وہ پھر بھی نہ بیٹھے تو ساتھی اراکین نے انھیں پکڑ کر زبردستی نشست پر بٹھا دیا تاہم وہ بیٹھ کر بھی بڑبڑاتے رہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  تلخ لہجے میں بات کرنے پر چوہدری اسد الرحمان کو استحقاق کمیٹی کی چیرمین شپ سے بھی سبکدوش کردیا گیا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close