پی ٹی آئی کو بڑا جھٹکا ، تحریک انصاف کے معروف امیدوار جیتی ہوئی نشست ایک دن بعد ہار گئے
لاہور : این اے 190 ڈیرہ غازی خان میں بازی پلٹ گئی ،تحریک انصاف کے امیدوار ذوالفقار کھوسہ کی جیت شکست میں تبدیل ہو گئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 190 کا نیا نتیجہ جاری کر دیا گیاہے جس کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار ذوالفقار کھوسہ کی جیت شکست میں تبدیل ہو گئی ہے اور وہ 71 ہزار 964 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ آزاد امیدوار امجد فاروق 72 ہزار 189 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں ۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز ذوالفقار کھوسہ کامیاب قرار پائے تھے۔واضح رہے کہ اس طرح کی کشمکش سیالکوٹ میں خواجہ آصف کے حلقے میں بھی دیکھنے میں آئی جہاں پہلے پی ٹی آئی امیدوار عثمان ڈار کو کامیاب قرار دیا گیالیکن کچھ دیر کے بعد نتیجہ پلٹ گیا اور خواجہ آصف کامیاب قرار پائے تاہم آج پھر سے عثمان ڈار کی درخواست پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی جارہی ہے ۔