تحریک انصاف میں ”بغاوت“ ہو گئی، جہانگیر ترین کیخلاف بڑا اعلان ہو گیا
لاہور : عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے برتری حاصل کی اور حکومت بنانے کیلئے جوڑ توڑ میں مصروف ہے جس میں جہانگیر ترین اہم کردار ادا کر رہے ہیں مگر بلوچستان میں جام کمال کو وزیراعلیٰ نامزد کرنے پر پی ٹی آئی بلوچستان ناراض ہو گئی ہے۔نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق جام کمال کو وزیراعلیٰ بلوچستان نامزد کرنے پر پی ٹی آئی بلوچستان ناراض ہو گئی ہے جس کے صدر یار محمد رند کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی چاہتی تو بلوچستان میں اپنی حکومت بنا سکتی تھی مگر ایسا نہیں کیا گیا۔ چیئرمین عمران خان نے ایک میٹنگ میں معاملہ حل کر دیا تھا اور پی ٹی آئی بلوچستان کے صدر یار محمد رند کو جام کمال سے مشاورت کیساتھ فیصلہ کرنے کا اختیار دیا تھا لیکن جہانگیر ترین نے خود ہی جام کمال کو وزیراعلیٰ بلوچستان نامزد کر دیا۔یار محمد رند نے کہا کہ حکومت بنانے کا حق پارلیمنٹ میں بیٹھے ارکان اورچیئرمین کا ہوتا ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے جام کمال کو نامزد کرنے کا فیصلہ نہیں کیا۔ اس کے علاوہ بلوچستان کی وزارت اعلیٰ اور صوبے میں دیگر وزراءسے متعلق فیصلے کا اختیار پی ٹی آئی کے بلوچستان ونگ کے پاس ہونا چاہئے۔ان کا کہنا تھا کہ بی اے پی سے مرکز میں حمایت کے بدلے صوبائی حکومت میں تعاون کی بات ہوئی تھی لیکن جہانگیر ترین کے بیان نے بی اے پی کو حکومت بنانے کا موقع دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کا وزیراعلیٰ نامزد کرنا بی اے پی کا کام نہیں ہے تاہم اس حوالے سے پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔دوسری جانب پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا کہ جام کمال پی ٹی آئی کے اتحادی ہیں اور ان سے متعلق فیصلہ مشاورت سے کیا گیا ہے البتہ اس حوالے سے جہانگیر ترین کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے تمام فیصلے مکمل مشاورت سے کئے جاتے ہیں اور جام کمال کی نامزدگی کا فیصلہ بھی عمران خان نے کیا تھا، جام کمال کی بطوروزیراعلیٰ نامزدگی پرکوئی اعتراض نہیں ہے۔