پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں پختونوں سے ناانصافی کی گئی تو سخت مزاحمت کرینگے ،آفتاب احمد خان شیرپاؤ
پختونوں کو دیوار سے لگانے کے نتائج انتہائی خطرناک ہوں گے، نظر اندا زکرنے پر بھرپور تحریک چلائی جائے گی ،قومی وطن پارٹی ہی پختونوں کے حقوق کی حقیقی محافظ ہے‘قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین کی دیگر پارٹی رہنماؤ ں کے ہمراہ پریس کانفرنس
پشاور. قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ قومی وطن پارٹی ہی پختونوں کے حقوق کی حقیقی محافظ ہے اگر پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے سلسلے میں پختونوں سے ناانصافی کی گئی تو اس کی بہت ہی سختی سے مزاحمت کی جائے گی ،نظر اندا زکرنے پر بھرپور تحریک چلائینگے ،پختونوں کو دیوار سے لگانے کے نتائج انتہائی خطرناک ہوں گے۔ وہ منگل کے روز وطن کور پشاور میں سینئر وزیر سکندر حیات خان شیرپاؤ،صوبائی وزیر انیسہ زیب طاہر خیلی ،خیبر پختونخوا حکومت کے معاونین خصوصی عبدالکریم خان،ارشد عمرزئی ،صوبائی جنرل سیکرٹری ہاشم بابر،اسد آفریدی ایڈوکیٹ اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات طارق احمد خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ طویل دہشت گردی کی وجہ سے خیبر پختونخوا،جنوبی پختونخوا اور فاٹا کے قبائلی علاقے تباہی وبربادی سے دوچار ہو چکے ہیں،سینکڑوں کارخانے بند ہو چکے ہیں ،ہزاروں لوگوں کو جانوں کا نذرانہ دینا پڑا اور لاکھوں قبائل بے گھر ہوئے لہٰذا پاک چین راہداری منصوبے کے سلسلے میں اگر پختونوں سے ناانصافی کی گئی تو اسے کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس کے خلاف بھرپور تحریک چلائی جائے گی انھوں نے کہا کہ پاک چین راہداری منصوبے پر خرچ ہونے والے 46ارب ڈالر میں سے پختونوں کے خطے پر صرف دو ارب ڈالر خرچ کئے جارہے ہیں لیکن اس کے باوجود پختونوں کے خطہ کو نظر انداز کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا کہ یہ کسی ایک سیاسی پارٹی کا مسئلہ نہیں بلکہ پختونوں کی موت اور زندگی کا مسئلہ ہے لہٰذا جو بھی پارٹیاں پختونوں سے ہمدردی رکھتی ہیں انھیں متحد ہوکر پختونوں سے ہونے والے ناانصافیوں کے خلاف احتجاج کرنا چاہیے ،پاک چین راہداری منصوبہ کے سلسلے میں صوبائی حکومت کا موقف قومی وطن پارٹی کا ہی موقف ہے ۔پختونوں کے عظیم تر مفادات کے پیش نظر مغربی روٹ کو ترجیح دی جائے جبکہ پاور پراجیکٹس ،ٹرانسمیشن لائن،گیس لائن اور اکنامک زون کو بھی ترجیح دی جائے ،قومی وطن پارٹی پاک چین راہداری منصوبے کے سلسلے میں مولانافضل رحمان اور مینگل کی طرف سے طلب کی جانے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی جائے گی ۔قومی وطن پارٹی کی طرف صوبے کے حقوق کے تحفظ کیلئے صوبہ کے صنعت کاروں،تاجروں،کاروباری لوگوں اور دانشوروں سے بھی رابطوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔پاک چین راہداری منصوبہ کے سلسلے میں سب سے پہلے قومی وطن پارٹی ہی کی طرف سے آواز اٹھائی گئی تھی،آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ اس سلسلے میں خیبر پختونخوا اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر ان سے ملاقات کریں گے ۔پاک چین راہداری منصوبے کے سلسلے میں پختونوں کو نظر انداز کرنے کی بجائے پختون قیادت کو اعتماد میں لیا جائے،مستحکم پاکستان اور فیڈریشن کو چلانے کیلئے تمام اکائیوں کو ساتھ لے کر چلنا ہو گا۔انھوں نے کہا کہ پاک چین راہداری منصوبے کے مغربی روٹ کے عدم تحفظ کے سلسلے میں جو افواہیں پھیلائی جارہی ہیں وہ سراسر غلط ہیں ۔