انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف الیکشن کمیشن کے باہر متحدہ اپوزیشن کااحتجاج، شہبازشریف غیر حاضر
اسلام آباد: عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف اپوزیشن کی ریلی الیکشن کمیشن کے باہر پہنچ گئی۔جبکہ الیکشن کمیشن نے بھی احتجاج سے نمٹنے کی حکمت عملی بنا لی ہے ،الیکشن کمیشن کے اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے ۔تاہم مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف ابھی تک ریلی میں نہیں پہنچے جبکہ انہیں اس ریلی کی قیادت کرنا تھی۔ دوسری طرف سراج الحق،آفتاب شیرپاﺅ، خورشید شاہ اور مولانا فضل الرحمان بھی ریلی میں شریک نہیں ہوئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف اپوزیشن کی ریلی میں محمود اچکزئی،راجہ پرویز اشرف،مشاہداللہ خان،یوسف رضا گیلانی ،عبدالغفور حیدری و دیگر بھی شریک ہیں جبکہ دیگر سیاسی جماعتوں کے اراکین بھی الیکشن کمیشن کے باہر جمع ہونا شروع ہو گئے ہیں۔اپوزیشن رہنماؤں کاالیکشن کمیشن کے دفتر کے باہراحتجاج جاری ہے اورنعرے بازی بھی کی جا رہی ہے ۔اس موقع پر راجہ ظفرالحق کا کہنا تھا کہ ہم الیکشن کومستردکرتے ہیں، الیکشن کمیشن کوذمےداری پوری نہیں کرنے دی گئی، پوری قوم الیکشن کےخلاف سراپااحتجاج ہے،پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان کا کہنا تھا کہ مضبوط اپوزیشن کیلئے پارلیمان میں سب کو آمادہ کریں گے،دھاندلی شدہ الیکشن پراحتجاج ہماراحق ہے، ضروری ہے اشتعال کے بجائے جمہوری طریقہ اختیارکریںاور اپوزیشن مطالبہ کرتی ہے کہ الیکشن کمیشن مستعفی ہو۔سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے سامنے علامتی احتجاج ابتداہے۔