سلمان خان کی مدد سے بستر مرگ پر پڑی اداکارہ صحت مند ہوگئی
ممبئی: رواں برس 2 مارچ کو بولی وڈ کی ماضی کی اداکارہ 44 سالہ پوجا ڈڈوال نے بستر مرگ سے دبنگ ہیرو سلمان خان کو علاج کے لیے اپیل کی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ نے ممبئی کے شودی ہسپتال سے سلمان خان کو ویڈیو پیغام کے ذریعے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ گزشتہ چند ماہ سے بیمار تھیں، تاہم اب انہیں پتہ چلا ہے کہ انہیں ٹی بی لاحق ہوگیا۔ اداکارہ نے بتایا تھا کہ بیماری کی وجہ سے جہاں انہیں اپنے قریبی رشتہ دار چھوڑ کر چلے گئے، وہیں ان کے شوہر نے بھی ان کا ساتھ چھوڑ دیا۔ اداکارہ کے مطابق اس وقت ان کے پاس ایک چائے پینے کے پیسے تک نہیں، اس لیے مجبور ہوکر وہ سلمان خان کو مالی مدد کی اپیل کر رہی ہیں۔
اداکارہ کی جانب سے اپیل کے بعد پہلے تو ان کی کسی اور نے مدد کی، تاہم بعد ازاں میڈیا میں خبریں آنے کے بعد سلمان خان نے ان کی مدد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ سلمان خان کے مطابق انہوں نے اپنی سماجی تنظیم ‘بیئنگ ہیومن’ کو پوجا ڈڈوال کے تمام اخراجات اٹھانے اور ان کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت کردی۔ ساتھ ہی سلمان خان نے وضاحت کی تھی کہ فلم ‘ویرگاتی’ میں پوجا ڈڈوال ان کی مخالف اداکارہ نہیں تھیں بلکہ وہ اس فلم میں دوسرے اداکار کی ہیروئن تھیں۔
رپورٹ کے مطابق اب 5 ماہ بعد بستر مرگ پر پڑی پوجا ڈڈوال دبنگ ہیرو سلمان خان کی مدد سے صحت مند ہوکر ہسپتال سے ڈسچارج ہوگئی ہیں۔ پوجا ڈڈوال نہ صرف صحت مند ہوگئی ہیں بلکہ ان کا وزن بھی 20 کلو بڑھ چکا ہے۔ صحت مند ہونے پر پوجا ڈڈوال نے جہاں ڈاکٹروں اور ہسپتال عملے کا شکریہ ادا کیا، وہیں انہوں نے سلمان خان کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اگر وہ ان کی مدد نہ کرتے تو وہ مر جاتیں۔
۔۔۔ویڈیو دیکھٰیں۔۔۔