”میری جس دن بیگم سے لڑائی ہوئی تو میں شیریں مزاری کیساتھ۔۔۔“ ایاز صادق نے اسمبلی میں تقریر کے دوران ایسی بات کہہ دی کہ سپیکر اسد قیصر بھی قہقہہ لگانے پر مجبور ہو گئے
اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءاسد قیصر سپیکر قومی اسمبلی منتخب ہوئے تو سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ان سے حلف لیا۔حلف اٹھانے کے بعد اسد قیصر سپیکر کی کرسی پر براجمان ہو گئے اور اجلاس کی صدارت شروع کر دی جس کے بعد سردار ایاز صادق نے رکن قومی اسمبلی کے طور پر اپنا پہلا خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے یوں تو کئی دلچسپ باتیں کیں مگر شیریں مزاری کے حوالے سے انہوں نے جو کچھ کہا، پورا ایوان قہقہے لگانے پر مجبور ہو گیا۔اپنے خطاب میں انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ سے ایک گزارش کروں گا کہ آپ کو یاد ہو گا میں نے آپ سے ایک وعدہ لیا تھا کہ جب آپ سپیکر بنیں گے یا خورشید شاہ سپیکر بنیں گے تو پہلی دفعہ جس روز مجھے بہت غصہ ہو گا یا میری بیگم سے لڑائی ہوئی ہو گی تو اس روز اجلاس کی صدارت شیریں مزاری کریں گی اور میں یہاں بیٹھ کر ان کیساتھ وہی کروں گا جو شیریں مزاری میرے ساتھ کیا کرتی تھیں۔