سرفراز احمد، سلمان خان جیسا دبنگ کردار کرنے کے خواہشمند
کراچی: قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بالی وڈ اداکار سلمان خان کی 2010 میں ریلیز ہونے والی فلم ’دبنگ‘ جیسا کردار کرنے کے خواہشمند ہیں۔ سرفراز احمد نے جیو نیوز کے پروگرام ’اسکور‘ میں شرکت کی جہاں انہوں نے کئی دلچسپ سوالوں کے جواب بھی دیئے۔
پروگرام ’اسکور‘ کے میزبان سید یحییٰ حسینی نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے فلموں میں کام کرنے سے متعلق سوال کیا تو وہ بالی وڈ اسٹار سلمان خان کے مداح نکلے۔
سرفراز احمد کا فلموں میں کام کرنے سے متعلق جواب میں کہنا تھا کہ اگر انہیں فلم میں کام کرنے کا موقع ملا تو وہ سلمان خان کا دبنگ جیسا رول کرنا چاہیں گے۔
قومی ٹیم کے کپتان نے اپنی پسندیدہ ہیروئن کا نام بتاتے ہوئے کہا کہ اگر فلم میں چانس ملا تو ہیروئن کوئی اور نہیں بلکہ کترینہ کیف ہوں گی۔
سلمان خان اور کترینہ کیف کی جوڑی بالی وڈ کی کامیاب ترین جوڑی ہے جس نے کئی سپر ہٹ فلمیں دی ہیں جس میں ’میں نے پیار کیوں کیا؟‘، ’پارٹنر‘، ’ایک تھا ٹائیگر‘ اور ’ٹائیگر زندہ ہے‘ شامل ہیں۔
یاد رہے کہ سلمان خان کی فلم ‘دبنگ‘ 2010 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں سلمان خان کا کردار ’چلبل پانڈے‘ پولیس افسر کا تھا جب کہ یہ فلم سلو میاں کی کامیاب فلموں میں سے ایک ہے۔
فلم ’دبنگ‘ کی کامیابی کے بعد سیکوئل بھی بنایا گیا تھا جو کہ 2012 میں ریلیز ہوئی تھی اور اس فلم نے بھی باکس آفس پر شاندار بزنس کیا تھا۔
واضح رہے کہ سرفراز احمد کا مکمل انٹرویو عید الاضحیٰ کے پہلے روز جیو نیوز کے پروگرام ’اسکور‘ میں 5 بج کر 5 منٹ پر نشر کیا جائے گا۔