کوئٹہ میں صحت وصفائی سمیت مختلف مسائل کا حل ہماری پہلی ترجیحات ہیں، جام کمال
کوئٹہ: وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ صحت وصفائی سمیت مختلف مسائل کا شکار ہے۔ کوئٹہ کی ترقی اور شہری مسائل کا حل ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ جلد اس حوالے سے جامع منصوبہ بندی کرکے اس پر عملدرآمد کا آغاز کیا جائے گا۔ اس ضمن میں متعلقہ اداروں کو سفارشات کی تیاری کی ہدایت کردی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات کے دوران سیاسی امور سمیت صوبے اور بالخصوص کوئٹہ کی ترقی کے حوالے بھی بات چیت کی گئی۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ مختلف ادوار میں کوئٹہ کی ترقی کے لئے پیکیجز کے اعلانات ہوئے ہیں اور اس حوالے سے فنڈز کا اجراء بھی ہوا، تاہم اب تک عملی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے شہر کی حالت میں کوئی تبدیلی نہیں آسکی ہے۔ وہ بلوچستان کی مجموعی ترقی بالخصوص کوئٹہ کو ایک بہتر اور خوبصورت شہر بنانے کا وژن رکھتے ہیں، جس کو جلد عملی جامع پہنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کو اس وقت پینے کے صاف پانی، نکاسی آب، صفائی اور ٹریفک جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے، جن کے حل کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے۔ یہ ہم سب کا شہر ہے اور اس شہر کی بہتری ہم سب کی ذمہ داری بھی ہے، اس ضمن میں شہریوں کو بھی ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ ڈپٹی اسپیکر نے وزیراعلٰی کے خیالات کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ ان کا تعلق بھی کوئٹہ سے ہے، لہٰذا وہ بھی کوئٹہ کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے اور وفاقی حکومت صوبائی حکومت سے بھرپور تعاون کرے گی۔ انہوں نے وزارت اعلٰی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی، جبکہ وزیراعلٰی نے بھی انہیں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔