شرجیل میمن کے کمرے سے ملنے والی بوتلوں کی جانچ کی ویڈیو منظر عام پر آگئی
کراچی: پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن کے کمرے سے ملنے والی بوتلوں کی کیمیکل ایگزامینیشن کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔ چیف جسٹس پاکستان نے گزشتہ روز کراچی میں نجی اسپتال کا دورہ کیا تھا جہاں گرفتار پی پی رہنما شرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی بوتلیں برآمد ہوئی تھیں تاہم شرجیل میمن کے ملازم نے کہا کہ بوتلوں میں شہد اور زیتون کا تیل ہے۔
چیف جسٹس پاکستان نے شرجیل میمن کے ٹیسٹ کرانے کا حکم دیا تھا تاہم لیبارٹری ٹیسٹ رپورٹ میں ان کے خون میں الکوحل کا عنصر نہیں پایا گیا۔ شرجیل میمن کے کمرے سے ملنے والی بوتلوں کی کیمیکل ایگزامینیشن کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہےکہ سرکاری ڈاکٹرز اور عملہ بغیر کسی کیمیکل کے بوتلوں کی جانچ کررہا ہے جب کہ ٹیسٹ کے دوران دو بوتلوں کی جانچ روایتی انداز میں کی گئی۔
ڈائریکٹر لیبارٹریز اینڈ کیمیکل ایگزامینر نے دیگر عملے کے ہمراہ بوتلوں کا ٹیسٹ کیا اور سروسز اسپتال میں کیس کا تفتیشی افسر بھی ٹیسٹ کے دوران موجود رہا۔ حکومت سندھ کے کیمیکل ایگزامینر کا کہنا ہےکہ ایک بوتل میں شہد اور دوسری میں زیتون کا تیل موجود ہے۔