Featuredاسلام آباد

وزیراعظم ہاؤس کو یونیورسٹی اور گورنر ہاؤسز کو میوزیم بنانے کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس کو جدید یونیورسٹی جب کہ گورنر ہاؤسز کو میوزیم بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم آفس میں قومی عمارتوں کے دوبارہ استعمال سے متعلق اجلاس ہوا جس کی سربراہی عمران خان نے کی، اجلاس میں قومی عمارتوں کو دیگر استعمال میں لانے کے منصوبے پر تفصیلی غور ہوا۔

اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بتایا کہ عوام حکومتوں کے شاہانہ طریقوں سے پریشان ہیں، حکمرانوں کا رہن سہن ایسا ہونا چاہیے کہ عوام کا پیسہ ضائع نہ ہو، اس لئے وزیراعظم عمران خان نے خود فیصلہ کیا ہے کہ وہ وزیراعظم ہاوٴس میں نہیں رہیں گے جب کہ چاروں صوبوں کے گورنرز بھی گورنر ہاوٴسز میں نہیں رہیں گے۔
وفاقی وزیرتعلیم نے بتایا کہ وزیراعظم ہاوٴس اسلام آباد ایک ہزار 96 کنال پر مشتمل ہے اور اس کا سالانہ خرچہ 47 کروڑ روپے ہے، اس لئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم ہاوٴس کو اعلیٰ درجے کی یونیورسٹی بنایا جائے گا اور یہ تعلیمی ادارہ پاکستان میں منفرد ہوگا، جب کہ وزیر اعظم ہاوٴس کے پیچھے زمین پر مزید تعمیرات بھی ہوگی۔ تعلیمی ادارے کاپی سی ون بنے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ گورنر ہاوٴس مری پر پنجاب حکومت نے 60 کروڑ روپے لگائے اور اس کا سالانہ خرچہ ساڑھے 3 سے 4 کروڑ ہے، مری میں پنجاب ہاوٴس پر ڈھائی کروڑ سالانہ خرچ ہو رہا ہے، فیصلہ کیا ہے کہ گورنر ہاؤس مری کو ہیریٹیج بوتیک ہوٹل بنایا جائے گا، جب کہ پنجاب ہاؤس مری کے حوالے سے پنجاب حکومت تمام اعدادوشمار اکٹھے کر کے اسے ٹوریسٹ ریزورٹ بنائے گی۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ گورنر ہاؤس لاہور کی مال روڈ والی دیوار گرا کر وہاں خوبصورت جنگلہ لگایا جائے گا جس سے اندر کا خوبصورت منظر دکھائی دے گا۔ لاہور میں موجود چنبھا ہاؤس کو گورنر آفس بنا دیا جائے گا، اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کو ایک فائیو اسٹار ہوٹل بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔ گورنر ہاؤس بلوچستان اور خیبرپختونخوا کو میوزیم میں تبدیل کیا جائے گا جب کہ کراچی کے گورنر ہاؤس کو بھی میوزیم میں تبدیل کرنے کی تجویز ہے، حکومت کے ساتھ مل کر گورنر ہاؤس پر فیصلہ کیا جائے گا۔ ایوان صدر سے متعلق فیصلے دوسرے مرحلے میں کیے جائیں گے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close