سہیل انورسیال کی مہاجروں سے متعلق اشتعال انگیز تقریر، فیصل سبزواری کی کڑی تنقید
تفصیلات کے مطابق سہیل انور سیال بھی ذوالفقارمرزا کی زبان بولنے لگے، سندھ اسمبلی میں ہجرت کرنے والوںکو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا.
سہیل انور سیال نے کہا کہ ہندوستان سے آنے والوں کو ہم پال رہے ہیں، ان لوگوں کو ہم نے پناہ دی، ان کو گھر، زمینیں اوراناج دیا.
انھوں نے کہا کہ سندھ میں جن کو پناہ دی، آج وہ ہی سندھ کے خلاف باتیں کررہے ہیں، ان کے بھگوڑے لیڈر نے پاکستان کے خلاف تقریریں کیں.
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ پہلے خود کو پاکستانی اورسندھی تسلیم کریں، پھر تنقید کریں.
سہیل انورسیال کی تقریر کے دوران ایم کیو ایم کے اراکین نے شدید احتجاج کیا.
بعد ازاں ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما فیصل سبزواری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نفرت، لاعلمی اورجہالت، یہ سارے عناصر سہیل انورسیال کی گفتگو میں نظرآئے.
ان کا کہنا تھا کہ مہاجر اپنے حصے کا پاکستان لے کر آئے تھے، صوبے کو نوے فیصد ریونیو کراچی کما کردیتا ہے.
فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ تنقید کرنے والے پہلے تاریخ پڑھ لیں.مہاجر اپنے حصے کا پاکستان لے کر آئے تھے.