پنجاب

پنجاب حکومت کی تبدیلی سے متعلق بیان میری ذاتی رائے تھی، رانا مشہود

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود کا کہنا تھا کہ پنجاب میں حکومت بنانے سے متعلق میرا بیان میری ذاتی رائے تھی۔ لاہور میں پارٹی رہنما ملک احمد خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ماضی میں کسی ڈیل کا حصہ نہیں بنی اور آئندہ بھی نہیں بنے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ میری قیادت نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے‘۔ گزشتہ روز میڈیا میں دیے گئے اپنے بیان میں ڈیل سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے پورے انٹرویو میں ’ڈیل‘ کا لفظ استعمال نہیں کیا تھا، وہ باتیں نہیں کیں جو نشر کی گئیں‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں کہا ہے کہ ابھی معاملات کا ادراک ہورہا ہے‘۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر کہا کہ ’جن کو گھوڑا سمجھا وہ خچر نکلے، حکومت نے 50 دن میں ہی ملک کا برا حال کردیا‘۔

خیال رہے کہ 2 اکتوبر کو نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے لیگی رہنما رانا مشہود نے دعویٰ کیا تھا کہ اگلے 2 ماہ بعد پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کا خاتمہ ہوجائے گا اور پھر یہاں ان کی جماعت کی حکومت ہوگی۔

حال ہی میں اداروں کے ساتھ ڈیل سے متعلق اپنے ایک انٹرویو کی وضاحت پیش کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہماری کسی کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں ہوئی نہ ہونے جارہی ہے بلکہ ان اداروں کے درمیان جو گفتگو ہوئی ہے اسی کی بنیاد پر دعویٰ کیا کہ پنجاب میں ہماری حکومت ہوگی۔

بعد ازاں میڈیا میں خبریں منظر عام پر آنے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود نے نجی نشریاتی ادارے پر ان کے حوالے سے چلائے گئے بیان کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر چلایا گیا۔

ذرائع ابلاغ میں رانا مشہود کو تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے بعد ان ہی کی پارٹی کے رہنماؤں نے اپنے بیانات میں کہا تھا کہ رانا مشہود کا بیان پارٹی پارلیسی نہیں ہے۔

بعدِ ازاں العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت کے لیے احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران رانا مشہود کے بیان کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے نواز شریف نے بتایا کہ شہباز شریف نے اس بیان کا نوٹس لے لیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود کے متنازع بیان کی تردید کرتے ہوئے اسے قومی سلامتی کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹ میں کہا کہ ’رانا مشہود کا بیان حقائق کے منافی اور قابل افسوس ہے‘۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close