Featuredسندھ

وفاقی حکومت کا آئی ایم ایف سے قرضہ لینے کا اعلان، عمران خان کب خودکشی کرینگے اس کی تاریخ بتادیں، نثار کھوڑو

لاڑکانہ: پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیراعظم عمران خان سے آئی ایم ایف سے قرضہ لینے کا اعلان کرنے پر خودکشی کرنے کی تاریخ مانگ لی ہے، وزیراعظم عمران خان خودکشی کرنے کی تاریخ دیں۔ لاڑکانہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے ماضی میں اپنے احتجاجی جلسوں میں کہا تھا کے وہ خودکشی کرینگے مگر کسی سے امداد نہیں لیں گے، اب عمران خان کی حکومت نے آئی ایم ایف سے قرضہ لینے کا اعلان کیا ہے، اب عمران خان کب خودکشی کرینگے اس کی تاریخ بتادیں، قوم عمران خان کی خودکشی کی منتظر ہے، اس سے قبل کہ عوام خودکشی کریں عمران خان اپنی خودکشی کی قوم کو تاریخ بتادیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب کو آزاد انہ کام کرنے دیا جائے، وزیراعظم عمران خان کی نیب چیئرمین سے ملاقات شکوک شبہات پیدا کرتی ہے، اگر شہباز شریف پر 10 ماہ پہلے سے کیس چل رہا ہے تو شہباز شریف کو پہلے گرفتار کرنا چاہیئے تھا، اب اس طرح کی نیب گرفتاریاں انتقامی کاروائی کہلائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے بینک اکاؤنٹس میں اربوں روپے کیسے منتقل ہورہے ہیں یہ منی لانڈرنگ ہے یا کچھ اور اس کی تحقیات ہونی چاہیئے۔

نثار احمد کھوڑو کا مزید کہنا تھا کہ سی این جی مہنگی ہونے کی وجہ سے سی این جی پمپس ہڑتال پر مجبور ہیں، گیس، بجلی، پیٹرول مہنگا کرنے عوام پر مہنگائی کا بم گرایا گیا ہے، فرٹیلائیزر پر سبسڈی ختم کردی گئی ہے، ڈی اے پی، یوریا کھاد مہنگی کرکے کاشتکاروں کو بھی دبوچ لیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی کریڈیبلٹی بین الاقوامی طور پر ختم ہوچکی ہے، عمران خان کی وجہ سے چیف جسٹس کے بھاشا ڈیم فنڈ میں بیرون ملک لوگوں نے فنڈ دینے سے ہاتھ اٹھا لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھاشا ڈیم 70 ارب ڈالرز میں بنے گا مگر تاحال 4 ارب بھی جمع نہیں ہوئے ہیں، بھاشا ڈیم اگر فنڈز سے بننا ہے تو حکومت کیوں نہیں بتا رہی کہ وہاں کیا کیا کام ہوا ہے، اگر بھاشا ڈیم پر کوئی کام نہیں ہوا ہے تو شہباز شریف سے پوچھا جائے کہ اس نے 122 ارب بھاشا پر خرچ کرنے کی کیسے بات کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی سر چڑھ کر بول رہی ہے، اگر عمران خان مہنگائی کراکے پیسے بچالے گا تو یہ عوام کے ساتھ دھوکا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close