انٹرٹینمنٹ

پرینیتی چوپڑا، فواد خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہشمند

بالی وڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے پاکستانی اداکار فواد خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔ پرینیتی کا شمار بالی وڈ کی اُن اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے کم وقت میں فلم نگری میں اپنے قدم جمائے۔ وہ ’عشق زادے‘، ’ہنسی تو پھسی‘، ’کِل دِل‘ اور ’گول مال اگین’ جیسی کامیاب فلمیں کرچکی ہیں۔

آج ان کی نئی فلم ’نمستے انگلینڈ‘ ریلیز ہوئی جس میں وہ ایک بار پھر اداکار ارجن کپور کے ساتھ جلوہ گر ہوئی ہیں۔

پرینیتی اور ارجن نے فلم کی تشہیر زور وشور سے کی اور شائقین کو خوب متاثر کیا۔

ٹائمز ناؤ نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق اس دوران ایک انٹرویو میں پرینیتی اور ارجن سے پاکستانی اسٹارز پر بالی وڈ فلم نگری میں کام کرنے کی پابندی کے حوالے سے بھی سوال پوچھا گیا۔

پرینیتی نے جواب دیا کہ ‘میں نے فلم ’کِل دِل‘ میں علی ظفر کے ساتھ کام کیا تھا اور مجھے پتہ بھی نہیں تھا کہ وہ پاکستان سے ہیں جب تک کہ انہوں نے خود نہیں بتایا کیونکہ سب انسان ہی ایک جیسے ہوتے ہیں’۔

 اداکارہ کا کہنا تھا کہ ‘مجھے نہیں لگتا کہ اگر کوئی باہر سے آجائے گا تو وہ ہمارا کام چھین لے گا، بلکہ ایسے متعدد افراد ہماری فلم نگری میں موجود ہیں جو جنوبی افریقہ، امریکا اور دیگر ممالک سے ہیں، یہاں تک کہ فلم ’نمستے انگلینڈ‘ کے فوٹوگرافی ڈائریکٹر یونان سے تعلق رکھتے ہیں’۔

اداکارہ نے کہا کہ ‘ہمیں مثبت انداز میں سوچنا چاہیے کیونکہ نئے افراد آنے سے ٹیم میں ایک نئی فضا آتی ہے۔ میں ذاتی طور پر اس پابندی کے خلاف ہوں بلکہ میں تو علی طفر کے ساتھ دوبارہ کام کرنا چاہوں گی’۔

پرینیتی نے مزید کہا کہ ‘وہ فواد خان کی بھی بڑی مداح ہیں اور موقع ملا تو وہ ان کے ساتھ ضرور کام کرنا چاہیں گی’۔  دوسری جانب ارجن کپور کا کہنا تھا کہ ‘بھارت ایک خوش آمدید کہنے والا ملک ہے، مجھے نہیں لگتا کہ یہاں کے لوگ عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان کے گانوں کو قومیت کی بنیاد پر سننے سے انکار کردیتے ہیں بلکہ لوگ تو ان کے مداح ہیں’۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close