امریکی اداکارہ کا متنازع انٹرویو، میگزین کی ترسیل روک دی گئی
مصری ایئر لائن (ایجپٹ ایئر) نے اپنے ان فلائٹ میگزین کے تازہ ایڈیشن میں امریکی اداکارہ ڈریو بیری مور کے انٹرویو پر اختلافی اداریہ شائع ہونے پر اس کی ترسیل کو روک دیا۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ (اے پی) کی رپورٹ کے مطابق ایئر لائن کا کہنا تھا کہ ان کے اشاعتی ادارے الاحرام ایڈورٹائزنگ ایجنسی سے معاہدہ ہوا کہ وہ اکتوبر کے مہینے کے میگزین کی مزید کاپی نہیں چھاپیں گے۔
ایئر لائن کے ایک عہدیدار نے میڈیا سے بات کرنے کی اجازت نہ ہونے پر نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ انہوں نے ایئرلائن کے طیاروں میں رکھی جانے والی میگزین کی کاپیوں کو بھی ہٹا دیا ہے۔
دریں اثناء مصری پرواز نے الاحرام ایڈورٹائزنگ ایجنسی کو متنازع مواد بالخصوص امریکی اداکارہ کے حوالے سے اداریہ شائع کرنے کا ذمہ دار ٹھہرایا۔
ان کے مطابق اس اداریے میں ہجے اور زبان کی قواعد کی غلطیاں بھی موجود تھیں۔
اداریے میں بتایا گیا تھا کہ ڈریو بیری مور اپنے ازدواجی تعلقات میں غیر مستحکم ہیں جس کی وجہ سے انہیں مختلف طلاقیں ہوئی ہیں۔
اداریے میں ڈریو بیری مور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ان کی زندگی کا مقصد اب صرف اپنے بچوں کی دیکھ بھال ہے۔
ان کے تعارف میں کہا گیا کہ ’خوبصورت امریکی ہالی وڈ کی اداکارہ غیر معینہ مدت تک کے لیے چھٹیوں پر رہنے اور اپنے بچوں کی پرورش کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں‘۔
واضح رہے کہ امریکی اداکارہ کے متنازع انٹرویو پر شائع ہونے والا اداریہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وائرل ہوگیا تھا۔
ڈریو بیری مور کے نمائندے کا کہنا تھا انہوں نے یہ انٹرویو دیا ہی نہیں تھا۔
مصری ایئرلائن کا کہنا تھا کہ ’یہ ایک پروفیشنل میگزین انٹرویو ہے‘ جبکہ اداریے کی لکھاری کا کہنا تھا کہ ’یہ بالکل اصلی انٹرویو ہے‘۔