انٹرٹینمنٹ

‘کوکو کورینا’ پر تنقید: سجل علی، احد رضا میر کی حمایت میں بول پڑیں

کوک اسٹوڈیو سیزن 11 میں ’کوکو کورینا‘ گانے سے گلوکاری کا ڈیبیو دینے والے اداکار احد رضا میر کو مداحوں کی شدید تنقید کا سامنا ہے، ایسے میں نامور اداکارہ  اور احد رضا میر کی قریبی دوست سجل علی ان کی حمایت میں بول پڑیں۔

کوک اسٹوڈیو سیزن 11 میں احد رضا میر کا ڈیبیو گانا ’کوکو کورینا‘ 19 اکتوبر کو ریلیز کیا گیا تھا، جس میں انہوں نے گلوکارہ مومنہ مستحسن کے ساتھ گلوکاری کی تھی۔

تاہم لیجنڈری چاکلیٹی ہیرو وحید مراد پر فلمائے گئے اس گانے کا ریمیک ورژن مداحوں کو متاثر کرنے میں ناکام ہوگیا ہے۔

مداحوں سمیت ملک کی نامور شخصیات کو بھی گانے کا ریمیک پسند نہیں آیا اور وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے سوشل میڈیا پر برملا ناپسندیدگی کا اظہار بھی کر ڈالا۔

 تاہم شیریں مزاری کا تبصرہ گلوکارہ مومنہ کو پسند نہیں آیا  اور سوشل میڈیا پر دونوں کے درمیان اچھی خاصی نوک جھونک بھی ہوئی۔

سجل علی انسٹاگرام اسٹوری—.

اور اب سجل علی نے انسٹاگرام پر احد رضا میر کی حمایت میں ایک اسٹوری شیئر کی ہے جس میں انہوں نے سب سے گزارش کی ہے کہ تنقید کرنا بند کردیں۔

سجل لکھتی  ہیں، ’کوکو کورینا کو ریلیز ہوئے 3 دن گزر چکے ہیں، اسے پسند کریں یا ناپسند، یہ آپ کی مرضی ہے لیکن کسی کی کوشش کو پورے جہان میں اس طرح بے عزت نہیں کرنا چاہیے’۔

اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’یہ ایک گانا ہے، ساتھ کوئی آواز شامل کرلیں یا پھر چینل تبدیل کردیں، ہمارے ملک میں اس سے زیادہ اہم مسائل زیر بحث ہیں، لہذا نفرت کو نہ پھیلائیں‘۔

بعد ازاں اداکارہ نے ایک مزید ٹوئٹر پوسٹ بھی کی، جس میں انہوں نے لکھا کہ ‘خوف خدا کرلیں، اتنی نفرت لے کر کہاں جائیں گے؟ قبر میں؟’

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close