کراچی، فیصل رضا عابدی کی گرفتاری کیخلاف نمائش چورنگی پر احتجاجی دھرنا، عوام کی بڑی تعداد شریک
کراچی: ریلیز فیصل رضاء عابدی موومنٹ کے زیر اہتمام نمائش چورنگی ایم اے جناح روڈ پر احتجاجی جلسہ منعقد ہوا، جس میں عوام کے تمام طبقات علماء و خطباء، ذاکرین ماتمی انجمنوں کے نمائندگان، اسکاؤٹس گروپ اور مساجد و امام بارگاہوں کے ٹرسٹیز حضرات نے بھرپور شرکت کی۔ جلسے سے خطاب کے دوران علماء و ذاکرین نے کہا کہ فیصل رضا عابدی کو حق گوئی کی پاداش میں ہراساں کرنے کیلئے جھوٹے مقدمات قائم کئے گئے ہیں، فیصل رضا عابدی تنہا نہیں پوری پاکستان قوم ان کے ساتھ اور ہم آواز ہے۔ مقررین نے کہا کہ جن لوگوں نے عدلیہ اور چیف جسٹس کا نام لے کر انتہائی غلیظ زبان استعمال کی وہ نہ صرف آزاد ہیں بلکہ انہیں باقائدہ رقم دی گئی اور انہیں نوازا بھی گیا جبکہ فیصل رضا عابدی پر تمام تر قانون کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایک ہی الزام میں شب عاشور 3 مقدمات قائم کئے گئے جو کہ انتہائی تعصب کی علامت ہیں۔
شرکاء نے فیصل رضاء عابدی کے حق میں زبردست نعرے بازی کی اور کہا کہ حکومت اور ادارے عدل و انصاف سے کام لیں اور بے گناہ فیصل رضا عابدی کو فوراً رہا کیا جائے۔ جلسہ سے فیصل رضا عابدی کے والد سید نیئر رضا عابدی، علامہ مرزا یوسف حسین، علامہ فرقان حیدر عابدی، مولانا خورشید عابد، مولانا احمد اقبال رضوی، حسن رضا سہیل، اقبال حیدر عموں، رضی حیدر رضوی، مولانا صادق رضا تقوی، علامہ نثار قلندری، شاعر اہلبیت ؑ گوہر جارچوی، سہیل شاہ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔