تلاشی کی باری آئی تو عمران خان نیب کے پیچھے چھپ رہے ہیں: حمزہ شہباز
لاہور: پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ نیازی صاحب اپنی تلاشی کی باری آئی تو نیب کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔ لاہور کی احتساب عدالت میں شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر حمزہ شہباز نے میڈیا سے بات چیت کے دوران وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نیازی صاحب ہر پریس کانفرنس میں دھمکیاں دیتے ہیں یہ کس کو ڈراتے ہیں، آپ کے اندر کا ڈر بولتا ہے جو آپ دھمکیاں دیتے ہیں۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ آپ جعلی ووٹوں پر جعلی وزیراعظم بن کر آئے ہیں، کہنے کو جمہوری حکومت ہے میں اسے جعلی حکومت کہتا ہوں، عوام یہ کھیل تماشا دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیب اور منشا بم میں کوئی فرق نہیں ہے، منشا زمینوں پر قبضے کرتا ہے اور نیب آزادی کو قبضے میں لیتا ہے۔
رہنما (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں بلا کر آشیانہ میں گرفتار کیا جاتا ہے اور اب نیب پراسیکیوٹر کے پاس آئیں بائیں شائیں کے سوا کچھ نہیں۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ کابینہ ارکان نیب زدہ ہیں، پرویز خٹک، علیم خان، پرویز الہیٰ یہ لوگ نیب میں پیشیاں بھگتتے رہے ہیں اور نیازی صاحب کلین بننے کی جعلی کوشش نہ کریں، نیازی خان جو آئے روز دھمکیاں دیتے ہیں یہ خود مسٹر کلین نہیں، انہوں نے بھی خیبرپختونخوا کے ہیلی کاپٹر پر سیر سپاٹے کیے ہیں۔
حمزہ شہباز کا مزید کہنا تھا کہ 2018 میں عمران خان نے قوم کے ووٹوں پر ڈاکہ ڈالا، قوم اس کا حساب لے گی اور نواز شریف اور شہباز شریف کو اللہ تعالی سرخرو کرے گا۔