ایسا نہ ہو اگلے جہاں میں میرا ہاتھ اور نیب کا گریباں ہو، پرویز خٹک
اسلام آباد: تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور وزیر دفاع پرویز خٹک نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) سے متعلق اپوزیشن کے موقف کی حمایت کرتا ہوں۔ پرویز خٹک کے بیان کے بعد ایوان میں اپوزیشن بنچوں پر بیٹھے ارکان کے ہونٹوں پر بھی مسکراہٹیں پھیل گئیں۔ اپوزیشن کا الزام ہے کہ نیب کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، احتساب کے نام پر پگڑیاں اچھالی جا رہی ہیں جبکہ نیب ان الزامات کی تردید کرتا رہا ہے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ اپوزیشن ارکان کے بیان سے متفق ہوں۔ نیب کو کسی کی بدنامی نہیں کرنی چاہئیے۔ قومی احتساب بیورو کو دوسروں کی عزت کا خیال کرنا چاہئے۔ وزیر دفاع نے نیب کو ’عذاب آخرت‘ سے ڈراتے ہوئے کہا کہ ’ایسا نہ ہو اگلے جہاں میں میرا ہاتھ اور نیب کا گریباں ہو’۔ پرویز خٹک کے خلاف نیب کی جانب سے کرپشن و دیگر الزامات کی تحقیقات جاری ہیں۔ ان پر ایک الزام یہ بھی ہے کہ خیبر پختونخوا کی وزارت اعلٰی کے دوران شمالی علاقہ جات میں سیکڑوں ایکڑ اراضی من پسند کمپنی کو لیز پر الاٹ کر دی۔ اس کیس میں پرویز خٹک کو متعدد مرتبہ نیب کی جانب سے طلب کیا جاچکا ہے جہاں ان سے پوچھ گچھ کی گئی۔