پاکستان مقبوضہ کشمیر کی تحریک آزادی کی حمایت جاری رکھے گا، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر حکومت کی زیادہ سے زیادہ مدد کرے گی جب کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کی تحریک آزادی کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نوازشریف سے صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے ملاقات کی۔ اس موقع پروزیراعظم نے مسعود خان کو صدر آزاد کشمیر منتخب ہونے پرمبارکباد پیش کی اور کہا کہ امید ہے آپ منتخب حکومت کی بہتر گورننس کے لئے رہنمائی کریں گے اور وسیع تجربہ کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کی بہتری کے لئے اقدامات اٹھائیں گے۔
وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر حکومت کی زیادہ سے زیادہ مدد کرے گی جب کہ پاکستان مقبوضہ کشمیرکی تحریک آزادی کی سیاسی، اخلاقی اورسفارتی حمایت جاری رکھے گا، اپنے ترقیاتی ایجنڈے کو آزاد کشمیر تک توسیع دیں گے اورآزاد کشمیر حکومت صحت و تعلیم کے شعبے میں اصلاحات کے لئے کام کرے۔ وزیر اعظم نے صدر آزاد کشمیر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے پاس مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے حق خود ارادیت اجاگر کرنے کے لئے وسیع پلیٹ فارم موجود ہے اورآپ کی موجودہ آئینی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ ذمہ داریوں سے کہیں زیادہ اہم ہیں۔