صنم سعید نے ازدواجی زندگی میں ناکامی کی وجہ خود کو قرار دے دیا
کراچی: ’زندگی گلزار ہے‘ اور’دیار دل‘ جیسے کامیاب ڈراموں کے ذریعے پہچان بنانے والی نامور پاکستانی اداکارہ صنم سعید نے اپنی شادی کی ناکامی کی وجہ خود کوقرار دے دیا۔
اداکارہ صنم سعید بہترین اداکارہ ہونے کے ساتھ بہت اچھی انسان بھی ہیں جنہیں جھوٹ بولنا پسند نہیں، حال ہی میں انہوں نے اداکارہ ثمینہ پیرزادہ کے شو’اسپیک یور ہارٹ ود ثمینہ پیرزادہ‘ میں اپنی شادی اور طلاق سے متعلق کئی انکشافات کیے۔
صنم سعید نے کہا کہ انہیں بہت کم عمر میں اپنے اسکول کے دوست کے ساتھ محبت ہوگئی تھی لیکن یہ محبت زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی اور وہ دوست انہیں چھوڑ کر چلا گیا جس کے بعد انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ اب کبھی دوبارہ محبت نہیں کریں گی لیکن انہیں ایک بار پھر محبت ہوئی اور اسی شخص کے ساتھ شادی بھی ہوئی۔(صنم سعید کے سابق شوہر کا تعلق شوبز سے نہیں وہ ایک بینکر ہیں۔)
صنم سعید نے اپنی شادی شدہ زندگی کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ شادی کے بعد وہ دبئی منتقل ہوگئی تھیں ان کے وہی خواب تھےجو ایک لڑکی کے ہوتے ہیں شادی بچے گھر کاکام کرنا لیکن شادی کے دوسال بعد ہی وہ اس زندگی سےبیزار ہوگئیں۔
صنم سعید نے کہا ان کے شوہر بہت اچھے انسان تھے لیکن وہ انہیں اس طرح توجہ نہیں دے سکیں جو ایک بیوی کو اپنے شوہر کو دینی چاہیے، شادی کے بعد انہیں محسوس ہوا وہ ایک بیوی کی طرح زندگی نہیں گزار سکتیں اور نہ کسی کے مشوروں پر چل سکتی ہیں وہ کام کرنا چاہتی تھیں کیونکہ انہیں کام کرنے کی عادت ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ ان کی والدہ کی بیماری کے وقت ان کی زندگی میں ان کاکام، ان کی والدہ اہم تھیں شوہر اور گھر کی اتنی اہمیت نہیں تھی جب کہ شادی شدہ زندگی میں عورت کی پہلی ترجیح اس کا شوہر اور گھر ہونا چاہیئے اور یہ ان کے شوہر کے ساتھ بہت غیر منصفانہ طرز عمل تھا یہی وجہ تھی کہ انہوں نے اپنے شوہر سے علیحدگی اختیار کرلی۔
صنم سعید نے اعتراف کیا کہ ان کی طلاق میں ان کے شوہر کا کوئی قصور نہیں تھا بلکہ انہوں نے خود اس رشتے کو ختم کیا اور اس رشتے سے باہر نکلنے کے بعد انہیں ایسا لگا جیسے وہ کسی بوجھ سے ہلکی ہوگئی ہوں۔