منی لانڈرنگ کیس، ایف آئی اے نے ایم کیو ایم کے 726 افراد کو نوٹسز جاری کردیئے
اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ نے 726 افراد کو نوٹسز جاری کردیئے۔ ذرائع کے مطابق انسداد دہشت گردی ونگ کی جانب سے جن افراد کو نوٹسز جاری کئے گئے ہیں وہ مختلف تنظیمی عہدوں پر کام کرتے رہے ہیں جنہیں ایف آئی اے اسلام آباد سے رابطے کا کہا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جن افراد کو نوٹسز جاری ہوئے ان پر خدمت خلق فاؤنڈیشن کے فنڈ میں خطیر رقوم جمع کرانے کا الزام ہے۔ ایف آئی اے نے ایم کیو ایم کے چار موجودہ و سابق رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر رکھے ہیں جن میں بابر غوری، خواجہ سہیل منصور، احمد علی اور ارشد وہرہ شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق چاروں افراد کو 12 نومبر کو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی چاروں افراد کو پیش ہونے کے لئے طلب کیا گیا تاہم وہ پیش نہیں ہوئے۔ یاد رہے کہ ایم کیو ایم کے سربراہ اور خدمت خلق فاؤنڈیشن کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ 2017ء میں کراچی میں درج کیا گیا تھا، مگر بعد میں اسے ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ اسلام آباد میں منتقل کردیا گیا تھا۔