اسلام آباد
سابق وزیراعظم نوازشریف نے قومی اسمبلی میں خطاب پر استثنیٰ مانگ لیا
سابق وزیراعظم نوازشریف نے العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں قومی اسمبلی میں کئے گئے خطاب پر استثنیٰ مانگ لیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں 44 سوالات کے جوابات ریکارڈ کرا دیئے، سابق وزیراعظم سے 151 سوالات پوچھے گئے ہیں، نوازشریف کو بقیہ سوالات بھی دے دیئے گئے۔
نواز شریف نے قومی اسمبلی میں کئے گئے خطاب پر ایک مرتبہ پھر استثنیٰ مانگ لیا،ان کا کہناتھا کہ آئین کے آرٹیکل 66کے تحت قومی اسمبلی میں کی گئی تقریرکواستثنیٰ حاصل ہے، قومی اسمبلی میں کی گئی تقریرکسی عدالت کے سامنے نہیں پیش کی جاسکتی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ کبھی نہیں کہا کہ گلف سٹیل مل، العزیزیہ یا دبئی فیکٹری کا مالک ہوں، میرا گلف سٹیل ملزکے کئے گئے معاہدوں سے کوئی تعلق نہیں رہا، العزیزیہ سٹیل مل میرے والد مرحوم نے قائم کی تھی، عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کےخلاف العزیزیہ ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔